لاہور (لاہورنامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے یوم عاشور پر سنٹرل پولیس آفس کے کنٹرول روم کا دورہ کیا.
اوردسویں محرم کے مرکزی جلوسوں کی تازہ ترین صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے آر پی اوز، ڈی پی اوز کووائر لیس پر اہم ہدایات جاری کیں۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ یوم عاشورپر اے کیٹیگری اور حساس جلسوں کے روٹس اور مجالس کی عمارتوں کی چھتوں پر ماہر نشانے بازوں (سنائپرز) کولازمی تعینات رکھا جائے.
جنہیں موجودہ حالات کی سنگینی اور ڈیوٹی کی حساسیت کے بارے میں فیلڈ افسران نہ صرف موثر بریفنگ دیں بلکہ وقفے وقفے سے ان کی چیکنگ جاری رکھیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ صوبہ بھر میں حساس جلوسوں اور مجالس کے اندر عزاداروں کے تحفظ کیلئے سادہ لباس میں کمانڈوز کو لازمی تعینات رکھا جائے.
تاکہ شرپسند اور سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ مانیٹرنگ افسران جلوسوں کی تازہ ترین صورتحال سے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکاروں کوہر لمحہ باخبر رکھیں اور جب تک آخری عزادار جلوس یا مجلس کے مقام سے واپس نہ چلا جائے فیلڈ اہلکار اور کنٹرول روم کا تمام عملہ الرٹ ہو کر فرائض سر انجام دے۔
پہلی بار صوبے بھر میں یوم عاشور کے مرکزی اور حساس جلوسوں کی ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کو یقینی بنایااور مجموعی طور پر لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں 4 11ڈرون کیمرے استعمال کئے گئے۔
سوشل میڈیا کے ذریعے تفرقہ بازی اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں کرتے ہوئے مقدس شخصیات کے متعلق توہین آمیز زبان کے استعمال،تضحیک آمیز اور مذہبی منافرت پر مبنی مواد سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف سینکڑوں مقدمات درج کئے گئے۔