لاہور (لاہورنامہ) ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فارمیسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کوڈائریکٹر ایمرجنسی لاہور جنرل ہسپتال کا اضافی چارج دے دیا گیا۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ڈاکٹر لیلیٰ شفیق سے کہا کہ وہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت شعبہ حادثات میں آنے والے تمام مریضوں کو بر وقت طبی سہولیات کی فراہمی اور بہتر سے بہتر علاج معالجے کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں برؤئے کار لائیں.
تاکہ مریضوں اور اُن کے لواحقین کومناسب ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں ڈینگی وائرس کی رہنمائی کے لئے قائم کاؤنٹر پر عملے کی کارکردگی پر نظر رکھیں تاکہ ہسپتال میں آنے والوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پروفیسر الفرید طفر نے مزید کہا کہ کسی بھی ہسپتال کا شعبہ ایمرجنسی اُس کا اصل فیس ہوتا ہے .
جہاں معیاری اور فوری طبی سہولتیں فراہم ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں آنے والے سیریس مریضو ں کا بغیر پرچی کے علاج معالجہ شروع کر دیا جائے تاکہ وقت ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی اور ڈی ایم ایس سمیت تمام ملازمین کو پابند بنائیں کو وہ دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر نہیں جائیں گے۔
گزشتہ روز انہوں نے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور کہا کہ انہوں نے ڈائریکٹر ایمرجنسی کی ذمہ داریاں چینلج سمجھ کر قبول کی ہیں،
صوبائی حکومت اور پرنسپل پی جی ایم آئی کی راہنمائی میں بیمار اور تیمار دار کو بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی۔