سید ذوالفقار عباس بخاری

پاکستان میں سیاحت کے فروغ پر سید ذوالفقار عباس بخاری کی زیر صدارت اہم اجلاس

اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری کی زیر صدارت گذشتہ روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹری احمد حنیف اورکزئی اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹرعامر احمداور ایم ڈی پی ٹی ڈی سی سید انتخاب عالم نے خصوصی شرکت کی۔

وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری احمد حنیف اورکزئی نے کہا کہ پوری دنیا سے مختلف مذاہب کے پیروکار پاکستان میں موجود اپنے مذہبی مقامات پر آنے کے خواہشمند ہیں۔

پاکستان کی سر زمین سکھوں، ہندووں اور بدھ مت مذاہب کیلئے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید ذولفقار عباس بخاری نے کہا کہ بیرون ملک سے پاکستان آنے کے خواہشمند یاتریوں کیلئے ویزوں کا حصول آسان بنایا جائے گا۔

پاکستان کو دنیا کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال بنانے کے لئے وزیراعظم کے ویڑن کو لیکر آگے بڑھایا جائے گا.