اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نئی توانائی پالیسی لارہے ہیں،
عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،
اپوزیشن اپنے لیڈرز کی کرپشن بچانے کیلئے قومی مفاد کے قانون کی مخالفت کررہی ہے،
نیب حکومت کے کنٹرول میں نہیں، آزاد ادارہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نئی توانائی پالیسی لارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے لیڈرز کی کرپشن بچانے کیلئے قومی مفاد کے قانون کی مخالفت کررہی ہے۔
اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے نیب کے نوٹس ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی بات کرتے ہیں تو نیب نوٹس بھیج دیتا ہے جس پر وزیراعظم نے کہا کہ نیب حکومت کے کنٹرول میں نہیں،
آزاد ادارہ ہے جبکہ نیب نے تو ہمارے وزرائے اعلیٰ اور وزیروں کے خلاف بھی نوٹس دیئے ہیں۔اجلاس میں کئی ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم سے شکوہ کیا کہ وفاقی وزراء کے پاس عوامی مسائل سننے کا وقت ہی نہیں ہے.
جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اراکین آج کے اجلاس کی اہمیت کو سمجھیں ، ہمیں پاکستان کیلئے فیٹف بلز کو منظور کروانا ہے۔
وزیراعظم نے ارکان پارلیمان کو ہدایت کی کہ وہ تمام مشترکہ اجلاس میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔