اقوام متحدہ میں ایک بار پھر تاریخی خطاب

وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں ایک بار پھر تاریخی خطاب کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے

لاہور (لاہورنامہ) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و ممبر گڈ گورننس کمیٹی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے موثر خطاب کے ذریعے خود کو امت مسلمہ کا لیڈر ثابت کیا ہے ،

وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں اورفلسطینیوں کے حقوق پر دو ٹوک موقف اپنایاہے ،

مسلم لیگ(ن) کے نام نہاد ارسطو جتنا مرضی منفی پراپیگنڈا کر لیں اب عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ایک بار پھر تاریخی خطاب کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ،

وزیراعظم عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے ڈٹ کر پیش کیا،تسلیم کیا گیاہے وزیر اعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی میں کی گئی تقریر انتہائی پُر اثر تھی ،با کرداراورشفاف قیادت ہونے کی وجہ سے دنیا پاکستان کی بات کو اہمیت دیتی ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جہاں ایک طرف بھارت کا بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے وہیں پر ذمہ دار ملک کے سربراہ کی حیثیت سے ہمسایوں سے دوستی کا ہاتھ بڑھا کر امن کا داعی ہونے کا ثبوت بھی دیا ہے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے نام نہاد ارسطو اس لئے پریشان ہیں کہ پاکستان خارجہ محاذ پر کیوں کامیابیاں سمیٹ رہا ہے، مشکلات کے باوجود ہمارے معاشی اشاریے کیوں بہتری کی جانب گامزن ہے۔