شفاف ترین حکومت ہے

وزیراعظم کی قیادت میں یہ پاکستان کی شفاف ترین حکومت ہے، وزیراعلی پنجاب

لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پروپیگنڈے کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے،

وزیراعظم کی قیادت میں یہ پاکستان کی شفاف ترین حکومت ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے مختلف اضلاع کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی،

منتخب نمائندوں نے وزیراعلی عثمان بزدار کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا،

وزیراعلی نے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے احکامات دیے اور کہا ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے، عوامی نمائندوں کے جائز کاموں میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا،

ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر قوم کے خیرخواہ نہیں، اپوزیشن کو اے پی سی کی ناکامی پر منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں،

اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ غلط بیانی اور جھوٹ کا سہارا لیا۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہے،

اپوزیشن کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے نہ کوئی پروگرام، پروپیگنڈے کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں یہ پاکستان کی شفاف ترین حکومت ہے، اپوزیشن جتنامرضی شور مچائے، حکومت مدت پوری کرے گی۔