کراچی(لاہورنامہ)محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی(ماجو)اور انسٹی ٹیوشن آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجینئرز(آئی ای ای ای) کے درمیان گزشتہ روز ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوگئے .
جس کے تحت آئی ای ای ای اس سال کے وسط میں ماجو کی کمپیوٹر سائینس فیکلٹی کے زیراہتمام منعقد ہونے تین روزہ بین الاقوامی کمپیوٹنگ کانفرنس کے انعقاد کے لئے معاونت کریں گے۔
مفاہمتی یاداشت پر ماجو کی کمپیوٹنگ فیکلٹی کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر شوکت وصی اور چئیرمین آئی ای ای ای کراچی سیکشن ڈاکٹر بھوانی شنکر چوہدری نے دستخط کئے۔
ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ، ایسوسی ایٹ ڈین انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر عاصم امداد ،کمپیوٹر سائینس کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر سیدّ خلیق الرحمان رازی اور فیکلٹی ممبرز ڈاکٹر تفسیر احمد ، ڈاکٹر تیرت اور سیدّ سرمد علی کے علاوہ آئی ای ای ای کراچی کے وائس چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر طارق رحیم سومرو اور سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر عاصم الرحمان خان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہونے کی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے یونیورسٹی کی عالمی کمپیوٹنگ کانفرنس کے انعقاد کے لئے آئی ای ای ای کراچی کے تعاون کا خیر مقدم کیا .
اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس کانفرنس میں کمپیوٹنگ کے شعبہ کے نامور اسکالرز کی شرکت کی بنا پر ہمارے طلبہ اور اساتذہ کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ماجو کا شمار اب اس ریجن میں بہت تیزی کے ساتھ ابھر کر سامنے آنے والی یونیورسٹی کے طور پر کیا جاتا ہے جہاں کمپیوٹنگ اور انجینئرنگ کے شعبوں میں تحقیقی سرگرمیوں کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماجو میں کمپیوٹنگ اور انجینئرنگ کی تعلیم کی موجودہ دور میں اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی علیحدہ فیکلٹیز تشکیل دی گئی ہیں جن میں انٹر ایکٹیو سیکھنے کا ماحول فراہم کیاگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال شروع ہونے والی کوویڈ 19وبائی بیمار کے بحران کے تنیجے میں تعلیمی اداروں کی بندش کے بعد ماجو میں آن لائن ایجوکیشن کا سلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری رکھا گیا اور آن لائن امتحانات کے انعقاد کے ساتھ آن لائن داخلے بھی جاری ہیں۔