اسلام آباد (لاہور نامہ) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے آج اسلام آباد میں کشمیر پریمیئر لیگ کے سلسلے میں مظفرآباد ٹائیگرز ٹیم کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کشمیر پریمیئر لیگ کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس احسن اقدام سے آزاد کشمیر کے نوجوانوں میں موجود ٹیلینٹ کو سامنے لانے میں بھرپور مدد ملے گی،
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا انعقاد نوجوانوں میں مقابلہ کرنے کی توانا صلاحیت پیدا کرتا ہے جو ان کو مشکل حالات کا سامنا کرنے کی بھی ہمت دیتا ہے،
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوان دہائیوں سے بھارتی افواج کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں ہے جب وہ بھارت سے اپنا حق خودارادیت چھین کر رہیں گے
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کشمیر پریمیئر لیگ کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی.
اور اس ضمن میں وزارت امور کشمیر اپنا ہر قسم کا تعاون پیش کرے گی- تقریب میں سینیٹر فیصل جاوید، سینیٹر طلہ محمود، مظفرآباد ٹائیگرز ٹیم کے صدر اور کپتان شاہد خان آفریدی نے بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا،
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے انعقاد سے آزاد کشمیر کے نوجوانوں میں موجود صلاحیتوں کو سامنے لانے میں مدد ملے گی،
انہوں نے کہا کہ ریجنل کرکٹ کے انعقاد سے اس کھیل کو بھرپور فروغ ملے گا انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ایسے نظام کی عدم موجودگی سے کھیلوں کا فروغ ممکن نہیں ہو سکا-