شیخوپورہ تا گوجرانوالہ سڑک

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شیخوپورہ تا گوجرانوالہ سڑک کے منصوبے کا سنگ بنیاد

لاہور(لاہور نامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے شیخوپورہ تا گوجرانوالہ دو رویہ سڑک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیاـ

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ تقریب میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھاـ

سینئرصوبائی وزیرعبدالعلیم خان، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھےـ

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ 43 کلومیٹر طویل شیخوپورہ گوجرانوالہ دو رویہ سڑک 5 ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگی۔

سڑک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنائی جائے گی۔شیخوپورہ گوجرانوالہ دو رویہ سڑک کی تعمیر سے نقل و حمل میں بے پناہ آسانیاں پیدا ہوں گی۔ روزانہ ہزاروں گاڑیوں کو آمد و رفت کی بہترین سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ سے موٹروے ایم 2 اور شیخوپورہ تک تیز اور آسان رسائی ممکن ہو سکے گی۔

25 سال تک سڑک کی دیکھ بھال اور تعمیر و مرمت پرائیویٹ پارٹنرز کے ذمہ ہوگی۔ سڑک کی تعمیر سے دو صنعتی شہر آپس میں منسلک ہوں گے۔کاروبار کرنے والوں کو آسانی ہوگی۔

شہریوں کو بھی آمد و رفت کی بہترین سہولت ملے گی۔دو رویہ سڑک بننے سے وقت اور ایندھن کی بھی بچت ہوگی۔