برآمدی مصنوعات کی ترسیل کے لئے کنٹینرٹرمینل

محکمہ ریلوے کی جانب سے برآمدی مصنوعات کی ترسیل کے لئے کنٹینرٹرمینل کا قیام

گوجرانوالہ(لاہور نامہ) گذشتہ روز ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے صدر قیصر اقبال بریار نے وفاقی وزیر پاکستان ریلوے محمد اعظم سواتی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور محکمہ ریلوے کی جانب سے برآمدی مصنو عات کی کراچی پورٹ تک آسان ترسیل کے لئے وزیر آباد کے مقام پر کنٹینرٹرمینل کے قیام پر ان کا شکریہ اداکیا-

صدر چیمبر نے سیالکو ٹ کی برآمد ی حیثیت کو واضع کرتے ہوئے کہاکہ سیالکو ٹ پاکستان کا واحد برآمدی شہر ہے جہاں تیار ہونے والی99 فی صد مصنوعات بیرون ممالک برآمد کر دی جاتی ہیں –

انہوں نے کہاکہ اس وقت سیالکو ٹ ڈرائی پورٹ ٹرسٹ سے اوسط 3223 ایکسپورٹ کنسائمنٹس جن کاوزن ساڑھے دس ہزار ٹن اور ان کی پاکستانی روپوں میں مالیت19ہزار ملین سے زائد بنتی ہے ماہانہ کی بنیاد پر ترسیل ہو رہی ہے-

صدر چیمبر نے وزیر ریلوے کو دوران ملاقات یہ تجویز بھی پیش کی کہ سیالکو ٹ سے کراچی اور کراچی سے سیالکوٹ کیلئے ایک کارگو ایکسپریس ٹرین کا آغاز کر دیاجائے تو یہ محکمہ ریلوے اور سیالوٹ کی برآمدی انڈسٹری کے لئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا-

سیالکو ٹ سے کراچی پورٹ تک برآمد ی مصنوعات کی ترسیل اور کراچی سے درآمدی خام مال کی پور ٹ سے سیالکو ٹ منتقلی سے محکمہ ریلوے کو وسیع بزنس ملے گا اور سیالکو ٹ کی بزنس کمیونٹی کو برآمدی مال کی بر وقت ترسیل کیلئے سستا، محفوظ اور تیز رفتار روائیتی ذرائع نقل و حمل میسر آئے گی –

صدر چیمبر قیصر اقبال بریار نے مزید کہاکہ سیالکو ٹ کے برآمد کنندگان کیلئے تیز رفتار اورسستی لاجسٹک سروسز کی فراہمی کیلئے سیالکو ٹ چیمبر وزارت ریلوے کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے-