استعفی دے دوں گا, عمران خان

اپوزیشن لوٹا ہوا پیسہ واپس کرے تو استعفی دے دوں گا، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (لاہور نامہ) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو اپنے استعفے کی مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن لوٹا ہوا پیسہ واپس کرے تو استعفی دے دوں گا.

نواز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان میں اخلاقی جرات اور ہمت ہے تو قوم کا پیسہ واپس لوٹائیں،

منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے نہ لانگ مارچ کیا نہ لوگوں کو اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوئی ہے،

31دسمبر بھی گزر گیا پھر 31 جنوری بھی گزر گئی اور اب اسمبلیوں سے استعفے دینے کے بجائے یہ سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ استعفے دینے کے بجائے اپوزیشن اب سینیٹ کے فضائل بیان کر رہی ہے، پوری زندگی جھوٹے وعدے کئے اور اس بار بھی استعفوں پر جھوٹ بولا ہے، استعفے دینے کےلئے اخلاقی جرات اور کردار کی ضرورت ہوتی ہے.

وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن میں ہمت ہوتی تو این آر او کر کے ملک سے نہ بھاگتے، وزیراعظم نے کہا کہ جن کا پیسہ بیرون ملک پڑا ہو ان میں ہمت نہیں ہوتی جبکہ یہ لوگ ماضی میں جدہ اور سوئٹزرلینڈ بھاگتے رہے ہیں.

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے جی الیون سگنل پر حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے سے متعلق فوری رپورٹ طلب کر لی،عمران خان نے وزرا کی سیکیورٹی اور پروٹوکول کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا وزرا سیکیورٹی کے نام پر سرکاری وسائل کا غیرضروری استعمال نہیں کر سکتے ، وزراکے پاس کتنی سیکیورٹی ہے؟ رپورٹ دی جائے.