لاہور (لاہور نامہ)پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ (Nong Rong) نے آج چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں واپڈا منصوبوں کی تعمیر میں چینی معاونت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین واپڈا نے پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر میں تعاون پرچین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی تعمیراتی کمپنیاں واپڈاکے کئی ایک منصوبوں پر کام کررہی ہیں ،جن میں دیامربھاشا ڈیم، مہمند ڈیم اور داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ بھی شامل ہیں۔
ملک میں معاشی استحکام، غربت کے خاتمے اورمعاشرتی ترقی کے لئے ان منصوبوں کی افادیت کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے امید ظاہر کی کہ چینی تعمیراتی کمپنیاں ان منصوبوں کو مقررہ وقت اور مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ واپڈا اپنے منصوبوں کے لئے چین کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا اور چینی اداروں کے درمیان اس معاونت میں آئندہ منصوبوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
چینی سفیر نے پاکستان میں پانی اور بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے واپڈا کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کئی عشروں سے ترقی کے سفر میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں، اور پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں ترقی کے لئے چین کے اداروں کی معاونت جاری رہے گی۔