وائس چانسلر

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقات

اسلام آباد (لاہور نامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ، خالد خورشیدسے گذشتہ روز اُن کے دفتر میں ملاقات کی اوراُن کو یونیورسٹی کی طرف سے گلگت بلتستان کے عوام کے لئے تعلیمی خدمات کے بارے میں ایک تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات میں گلگت بلتستان کے وزیر تعلیم، راجہ محمد اعظم خان اور اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ فالو اپ، میجر( ر)راجہ محمد یونس بھی موجود تھے۔پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اس موقع پر انہیں بتایا کہ یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2021ء کے جاری داخلوں میں گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے میٹرک کی تعلیم مفت کردی ہے۔

وائس چانسلر نے انہیں مزید بتایا کہ یونیورسٹی گلگت بلتستان کے غریب ٗ مستحق اور ضرورت مند طلباء و طالبات کو فیس میں رعایت کے لئے سکالرشپس بھی فراہم کررہی ہے۔ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں نئے ماڈل سٹڈی سینٹرز اورریجنل کیمپسسز قائم کرنے اوریونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لئے اُٹھائے گئے حالیہ اقدامات باالخصوص یونیورسٹی کی ڈیجٹلائزیشن کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، خالد خورشید نے یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے دشوار گزار بلند و بالا پہاڑی سلسلوں اور دور دراز وادیوں تک تعلیمی خدمات پہنچانے پر اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم مبارکباد کے مستحق ہیں۔وزیر تعلیم، راجہ محمد اعظم خان نے گلگت بلتستان میں تعلیمی نیٹ کی توسیع میں اوپن یونیورسٹی کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہائی کرائی۔