اسلام آباد( لاہور نامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ جس طرح پی ڈی ایم کواپنی تحریک کے نتائج سے سبکی ہوئی ہے اسی طرح سینیٹ انتخابات کے حوالے سے امیدوں اور خواہشات کامحل بھی زمین بوس ہو جائے گا .
تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے طویل مشاورت کے بعد ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے فیصلے کئے ہیں ،پاک بحریہ کی ” امن” مشقوں میں 45ممالک کی شرکت بڑی سفارتی کامیابی ہے اور اس سے پوری دنیا میں پاکستان امن کے سفیر کے طور پر ابھرا ہے ۔
ہمایوں اخترخان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے نتائج کیاہوں گے سب اس سے اچھی طرح آگاہ ہیں ، جنہیں خطرات لاحق ہیں ان کی چیخیں پیشگی سنائی دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے غوروخوض کے بعدسینیٹ کیلئے ٹکٹ جاری کئے ہیں اور انشااللہ سینیٹ انتخابات کے نتائج سے تحریک انصاف مزید مضبوط ہو گی ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں لیکن کھلی آنکھوںسے خواب دیکھنا اچھی علامت نہیں ہوتی۔ اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات میں اپنے حق میں غیر معمولی نتائج آنے کی جو امیدیں وابستہ کی ہوئی ہیں ا ن پر اوس پڑ جائے گی ۔
ہمایوں اختر خان نے پاک بحریہ کو ”امن”مشقوں کے کامیاب انعقاد پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ پینتالیس ممالک کی بحریہ اور مندوبین کی شرکت پاکستان کی بڑی کامیابی ہے اور اس سے دنیا کو یہ باور کرانے میں مدد ملی ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہمیشہ سے امن کا داعی ہے، ان مشقوں کی کامیابی کے دورس نتائج مرتب ہوں گے۔