اسلام آباد (لاہور نامہ) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
اُنہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اسلام آباد میں نیشنل بنک آف پاکستان اور گلگت بلتستان حکومت کے درمیان ” این بی پی میزبان” پروگرام کے آغاز کے سلسلے میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کے موقع پر کہی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ گلگت بلتستان سیاحت کے حوالے سے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے اور گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
اُنہوں نے کہاکہ کہ این بی پی میزان پروگرام کے تحت گلگت بلتستان میں ابتدائی طورپر 150 گھروں کو قرض فراہم کیے جائیں گے جو وہاں کی عوام سیاحوں کو اپنے گھروں میں ٹھہرانے کے لیے کمروں کی تعمیر کی مد میں استعمال کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ سیاحت کے پیک سیزن میں سیاحوں کو گلگت بلتستان میں رہائش کی کمی کا سامنا رہتا ہے جسے اس پروگرام کے تحت حل کرنے میں مدد ملے گی۔ اُنہوں نے کہاکہ نیشنل بنک ابتدائی طورپر اس پروگرام کے لیے 200 ملین روپے فراہم کررہا ہے جس کو بعد میں بڑے پیمانے پر پھیلایا جائے گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہاکہ اس کے علاوہ حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بابو سر ٹاپ ٹنل کی تعمیر کی منصوبہ بندی کررہی ہے اور سکردو ائیرپورٹ کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
اُنہوں نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت ایک طرف سیاحوں کو رہائش کی بہتر سہو لیات ہوں گی،وہ مقامی ثقافت سے بھی روشناس ہوں گے تو دوسری جانب مقامی لوگوں کو روزگار کے بہترین مواقع بھی میسرآئیں گے۔
” این بی پی میزبان ” پروگرام کے تحت نیشنل بنک گلگت بلتستان کے عوام کو اپنے گھروں میں سیاحوں کے لیے رہائش تعمیر کرنے کے لیے آسان شرائط پر قرض فراہم کرے گا،ایک کمرے کی تعمیر کے لیے تقریباً 375,000 روپے،دو کمروں کے لیے 800,000 روپے اور تین کمروں کی تعمیر کے لیے 1,300,000 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے جو کہ سات سال کے عرصے میں آسان اقساط میں واجب الاادا ہوں گے۔
ابتدائی طورپر پورے گلگت بلتستان کی مختلف وادیوں میں رہائش پذیر 150 گھروں کو قرض فراہم کیے جائیں گے اور پہلے فیز کی تکمیل کے بعد ا س کو بڑے پیمانے پر پھیلایا جائے گا۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کے وزیرسیاحت اور نیشنل بنک کے صدر عارف عثمانی اور سینئر نائب صدر شعیب قیصرانی بھی موجودتھے۔ وفاقی وزیر نے اس اہم پروگرام کو شروع کرنے پر نیشنل بینک کے عہدیدران کو مبارکباد بھی پیش کی۔