لاہور (لاہور نامہ) جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام علامہ اقبال پولو کپ 2021ء سپانسرڈ بائی ایکوافینا کے چوتھے روز بی این پولو اور ماسٹر پینٹس کی ٹیموں نے سیمی فائنلز جیت کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ ایف جی پولو کی ٹیم نے میچ جیت کر سب سڈری فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
جناح پولو اینڈ کنٹری کلب میں ایکوافینا کے تعاون سے علامہ اقبال پولو کپ 2021ء میں دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔ اس موقع پر کلب کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) شعیب آفتاب، سیکرٹری میجر (ر) بابر محبوب اعوان، تماشائیوں اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پہلے سیمی فائنل میں بی این پولو نے ڈائمنڈ پینٹس کو 10-6 سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ بی این پولو ٹیم کی طرف سے ٹی ٹو رئیوز گنزو نے چار، الوکیو سیلسٹینو نے تین، راجہ میکائل سمیع نے دو جبکہ بابر نسیم نے ایک گول سکور کیا۔ ٹیم ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے رومیرو زیولیٹا نے تین جبکہ ثاقب خان خاکوانی نے ایک گول سکور کیا جبکہ دو گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔
دوسرے سیمی فائنل میں ماسٹر پینٹس نے ماسٹر پینٹس بلیک کو 13.5-12 سے ہرا دیا۔ ماسٹر پینٹس کی طرف سے مارکوس پنیلو نے شاندار کھیل پیش کیا اور آٹھ خوبصورت گول سکور کیے دیگر میں جان کروز لوساڈا نے پانچ گول سکور کیے۔ ماسٹر پینٹس بلیک کی طرف سے متیاس نے 10 خوبصورت گول سکور کیے جبکہ ماریانو ریگل اور صوفی محمد ہارون نے ایک ایک گول سکور کیا۔
تیسرے میچ میں ٹیم ایف جی پولو نے باڑیز کو 10.5-6 گول سے ہرا کر سب سڈری فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ایف جی پولو کی طرف سے میاں عباس مختار نے شاندار کھیل پیش کیا اور پانچ گول سکور کیے جبکہ دیگر میں فرانسسکو بینساڈن نے چار جبکہ جمی لی ہارڈی نے ایک گول سکور کیا۔ باڑیز کی طرف سے ارنیسٹو ٹروٹز اور حمزہ مواز خان نے تین تین گول سکور کیے۔فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔