لاہور(لاہور نامہ) پنجاب چوہدری محمد سرور نے ریسکیو اسکاؤٹس (رضاکاروں)کو زندگی بچانے والی مہارتوں اورسیفٹی کلچرکے فروغ کیلئے آن لائن تربیت فراہم کرنے کیلئے ریسکیو کیڈٹ کور موبائل ایپ کاافتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو سروس ان چنداداروں میں شامل ہے جنہوں نے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے اور یہ موبائل ایپ انسانیت کی خدمت کیلئے ریسکیو سروس کا ایک تاریخی اقدام ہے اورریسکیو کیڈٹ کورموبائل ایپ کے ذریعے وزیر اعظم پاکستان کے وژن کیمطابق ملک میں صحت مند، محفوظ اور خوشحال معاشرے کا قیام عمل میں لانے میں بڑی مدد ملے گی۔
وہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں منعقدہ ”ریسکیو کیڈٹ کورموبائل ایپ ” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر ،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈاظفرمنظور، ڈائریکٹر جنرل فیصل یوسف کے علاوہ ریسکیوہیڈ کوارٹرز اورایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے سینئر افسران، ریجنل ایمرجنسی آفیسرز اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکی ریسکیو کیڈٹ کورموبائل ایپ تیار کرنے والی ٹیم بھی شریک تھی۔
گورنر پنجاب نے پنجاب کی تمام یونین کونسلوں میں 5000سے زائدکمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کے قیام کے بعدریسکیو کیڈٹ کور موبائل ایپ کے تاریخی اقدام پر ڈی جی ریسکیو پنجاب اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ COVID-19کے تناظر میںریسکیو کیڈٹ کور موبائل ایپ آن لائن رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ آن لائن کمیونٹی سیفٹی ٹریننگ اور آن لائن سرٹیفیکیشن کیلئے مددگار ثابت ہوگی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریسکیو سکائوٹس تربیت کے بعد ٹیوٹا ، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اخوّت جیسے اداروں سے بھی منسلک کیے جائیں تاکہ مستقبل میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی بآسانی ملیں اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
انہوں نے کوویڈ۔19 کے دوران ایپ تیار کرنے پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا۔قبل ازیں، ڈاکٹر رضوان نصیر ڈی جی ریسکیو پنجاب نے ریسکیو کیڈٹ کور کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ ریسکیو سروس نے پورے پنجاب میں کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کے کامیاب قیام کے بعدریسکیو سروس کا منصوبہ ہے کہ ہر گھر میں کم از کم ایک فرسٹ ایڈر موجود ہوجس کیلئے ضروری ہے کہ کالج و یونیورسٹی کے نوجوانوں کو زندگی بچانے کی بنیادی مہارتوں اورسیفٹی کلچر کے فروغ کیلئے تربیت دی جائے تاکہ وہ معاشرتی طور پر ذمہ دار شہری بن سکیں۔
ریسکیو کیڈٹ کور موبائل ایپ کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنیکل بورڈ کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے تاکہ آن لائن رجسٹریشن، تربیت، اورعملی مشقوں کے بعد سرٹیفیکیشن کیلئے کمیونٹی اور تعلیمی اداروں کے تمام ریسکیو اسکاؤٹس (رضاکاروں) کو قریبی ریسکیواسٹیشن سے مربوط کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں محفوظ معاشرہ کے قیام کو ممکن بنانے کیلئے ماضی میںنیشنل کیڈ ٹ کور(NNC) کی طرز پرکالجوں کے طلباء کیلئے ریسکیو کیڈٹ کورمیں شمولیت پر حوصلہ افزائی کیلئے20 نمبر وقف کرنے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے طلباء کی مختص اوقات میں کمیونٹی ورک کیلئے ڈیوٹیاں لگانا انتہائی ضروری ہے۔