سینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال

وزیر اعلیٰ پنجاب سے شہبازگل کی ملاقات، سیاسی صورتحال اور سینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال

لاہور (لاہور نامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلی آفس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورسینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال کیا گیا-

ڈاکٹر شہباز گل نے پنجاب میں رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کے اجراء پر وزیر اعلی عثمان بزدار کو مبارکباد دی -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ رحمت اللعالمین ؐ سکالرشپ پروگرام کی رقم کو ایک ارب تک بڑھایا جائے گا -اس نیک کام میں فنڈز میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے –

پنجاب میں انٹرمیڈیٹ اور بی ایس آنرزکرنے والے تقریباً 15 ہزار طلباء و طالبات کو رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کے تحت وظائف دیئے جائیں گے – 50 فیصد سکالر شپ میرٹ اور 50 فیصد ضرورت مند اور نادار طلباء و طالبات کو دیئے جائیں گے –

سکالر شپ کی رقم بینکوں کے ذریعے فراہم کی جائے گی- انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ پروگرام میں حکومت پنجاب کے درجہ ایک سے چار تک کے ملازمین کے بچوں کا کوٹہ بھی مختص کیاگیاہے –

ہر ضلع کی ایک یونیورسٹی میں رحمت اللعالمینؐ چیئر بھی قائم کی جائے گی- محققین کو پی ایچ ڈی کے لئے سکالر شپ دئیے جائیں گے- اس جستجو کا محور عشق رسول ؐ کے تقاضوں کو نبھانا ہے-

وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کا ریاست مخالف بیانیہ دم توڑ چکا ہے-اپوزیشن عناصر صرف پراپیگنڈا کی سیاست پر زندہ ہیں -اڑھائی برس میں پنجاب کو ترقی کی راہ پر لے کر گئے ہیں -پہلی مرتبہ یکساں ترقی کے ویژن کے مطابق حقیقی ترقی کا سفرشروع ہواہے-

سابق حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کیلئے صرف عمارتیں کھڑی کیں۔ عوام کی بنیادی ضرورتوں کو ماضی میں حکومتوں نے یکسر نظر انداز کیا۔گزشتہ حکومتوں نے عوام کی سہولت کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا-

تحریک انصاف کی حکومت نے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے بنیادی اصلاحات متعارف کرائی ہیں -ہماری ترجیح انسانی وسائل کی پائیدار ترقی ہے۔

پاکستان کے عوام منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر چکے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ نبی کریمؐؐ سے منسوب رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کا اجراء ہم سب کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے-

ذہین و نادار طلباء و طالبات کو اعلی تعلیم کے حصول میں آسانی ہو گی- ذہین و نادار طلباء وطالبات کو علم حاصل کرنے کے لئے تمام تر وسائل فراہم کرنا ہماری حکومت کا عزم ہے-

رحمت اللعالمین ؐسکالر شپ پروگرام ہونہار اور ضرورت مند طلباء و طالبات کو با اختیار بنائے گا- رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ نبی کریمؐ کی علم اور طالبعلموں سے محبت کو خراج تحسین پیش کرنے کی ایک ادنی سی کاوش ہے-

رحمت ا للعالمین ؐ سکالر شپ کا اجراء ہم سب کے لئے رحمت کا باعث ہوگا-انہوں نے کہا کہ جمہوری ملکوں میں اپوزیشن کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر منفی سیاست کو پروان چڑھایا ہے –

ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو تباہ کیا گیا-گزشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے-ذاتی مفادات کیلئے نہیں بلکہ عوام کی فلاح اور ملک کے مفاد کیلئے فیصلے کر رہے ہیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں صوبے کے محروم طبقات کی فلاح اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں –