آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت پرائم منسٹر پرفارمنس ڈلیوری یونٹ بارے اجلاس

لاہور (لاہور نامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مسائل کا بروقت ازالہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے .

لہذا پرائم منسٹر پرفارمنس ڈلیوری یونٹ(PMDU)سمیت دیگر ذرائع سے موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر بروقت کاروائی کویقینی بناتے ہوئے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پی ایم ڈی یو(PMDU) سے موصول شدہ درخواستوں پر کاروائی کے عمل کو مزید تیز کرتے ہوئے ہر درخواست کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کیا جائے جبکہ مسئلہ کے حل میں تاخیر ہونے کی صورت میں درخواست دہندہ کوتمام کاروائی سے مطلع رکھا جائے .

تاکہ وہ اپنی درخواست پرہونے والی پیش رفت سے باخبر رہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ درخواست دہندگان سے گفتگو کرتے ہوئے خوش اخلاقی اور تحمل مزاجی کے ساتھ انہیں درپیش مسائل کو سناجائے اورشہریوں کو مطمئن کئے اورمجاز افسر کے علم میں لائے بغیر کسی درخواست کوہرگز داخل دفترنہ کیا جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ سروس ڈلیوری میں مزید بہتری کیلئے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز کوبھی ملحوظ خاطررکھا جائے جبکہ شکایات کے ازالے اور مانیٹرنگ کے عمل پر بطور خاص توجہ دیتے ہوئے شہریوں کے فیڈ بیک کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پرائم منسٹر پرفارمنس ڈلیوری یونٹ (PMDU)کے امور سے متعلقہ اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

دوران اجلاس پی ایم ڈی یو(PMDU) سے موصول شدہ درخواستوں اور انکے ازالے کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔