لاہور(لاہور نامہ) عوامی رکشہ یونین پاکستان نے لاری اڈہ میں پرچی مافیا کے نام پر بھتہ خوری اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی جو مہنگائی اور بھتہ خوری کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔
اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت عوامی رکشہ یونین کے مرکزی صدر ذیشان اکمل،وائس چیئرمین عوامی رکشہ یونین حاجی رفاقت، لاہور کے صدر عزیز عباسی اورسیکرٹری لاہور اے ڈی فیصل نے کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ذیشان اکمل نے کہا کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔پی ٹی آئی نے مہنگائی اور کرپشن ختم کرنے کے نام پر ووٹ لئے لیکن اڑھائی سال میں حکومت نے 200سے 500سو فی صدمزید مہنگائی کر دی جس کی وجہ سے غریب دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔
ذیشان اکمل کا کہنا تھا کہ پٹرول اور ایل پی جی مہنگی ہونے سے رکشہ ڈرائیوروں کی آمدنی بہت کم ہوگئی ہے۔ دوسری طرف پرچی مافیا بھتہ خوری کے ذریعے ہمارے خون پسینے کی کمائی چھین رہا ہے۔
لاری اڈہ بادامی باغ میں ایڈمنسٹر لاری اڈہ اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے لاری اڈہ میں داخل ہونے کے لئے لوڈر رکشہ، آٹو رکشہ اور چنگ چی رکشہ سے 20سے 40روپے تک بھتہ وصول کیا جارہا ہے۔
حکومت غریبوں کی کمائی لٹ جانے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ہمارا وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ، آئی جی پنجاب سے مطالبہ ہے کہ مہنگائی کا خاتمہ اور پورے شہر لاہور سے پرچی کے نام پر بھتہ خوری بند کروائی جائے۔
ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ نے پرچی ختم کروانے کے لئے دو دن کی مہلت مانگی ہے اگر دو دن بعدبھی پرچی کے نام پر بھتہ خوری کا سلسلہ جاری رہا تو ڈی سی آفس اور ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ کے آفس کے سامنے بڑے دھرنے دیئے جائیں گے اوراحتجاج کا دائرہ کار بڑھا دیا جائے گا۔
بادامی باغ لاری اڈہ کے باہر سینکڑوں رکشے کھڑے ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ احتجاجی مظاہرہ دو گھنٹے تک جاری رہا اس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔