لاہور(لاہور نامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں مزید 5 مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتالوں کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 5 ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبوں پر تقریباً 28 ارب روپے لاگت آئے گی۔ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اٹک، لیہ، راجن پور، بہاولنگر اور سیالکوٹ میں بنائے جائیں گے اور ان ہسپتالوں کے منصوبوں کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال اگلے دو برس میں مکمل کرنے کی پوری کوشش کریں گے کیونکہ معیاری علاج معالجے کی سہولتوں تک رسائی زچہ و بچہ کا حق ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت اور متعلقہ محکمے مدر اینڈچائلڈ ہسپتالوں کے منصوبو ں سے متعلقہ امو رکو جلد نمٹائیں۔ان ہسپتالوں کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا۔
ہسپتالوں کی تعمیر کے حوالے سے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 8 مارچ سے صوبے میں 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جائے گا اور پنجاب میں 60 برس سے زائد عمر کے تقریباً 75 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
بزرگ افراد کو ویکسین لگانے کیلئے اضلاع میں خصوصی سینٹرز بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے خصوصی سینٹرز پر ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں خود بھی خصوصی سینٹرز کا وزٹ کرکے سہولتوں کا جائزہ لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 47 ہزار فرنٹ لائن ہیلتھ پروفیشنلز کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے اور سوا دو لاکھ ہیلتھ پروفیشنلز کی رجسٹریشن ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہیلتھ پروفیشنلز کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ فرنٹ لائن ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں۔
ہیلتھ پروفیشنلز کورونا وباء میں مثالی کام کررہے ہیں اور پنجاب حکومت ڈاکٹروں ،نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کی معترف ہے۔اجلاس میں لاہور میں پری فیبریکیٹڈ انفیکشن ڈیزیز کا ہسپتال بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پری فیبریکیٹڈہسپتال بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت پری فیبریکیٹڈ ہسپتال کے قیام کے حوالے سے جلد حتمی سفارشات پیش کرے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے عوام کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنے کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو 5 اضلاع میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال تعمیر کرنے کے منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔