موٹرسائیکل چور گینگ کے علاوہ ٹک ٹاک پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے5 ملزمان گرفتار

لاہور (لاہور نامہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرقصور عمران کشور کی ہدایت پر ضلع قصورکی تمام تحصیلوں میں جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر اور ناجائز اسلحے رکھنے والوں کے خلاف تیز ترین کاروائیاں جاری ہیں جس کا مقصد عوام کی جان و مال کے تحفظ اور معاشرے میں قانون کی حکمرانی کے عمل کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔

اسی سلسلے میں چونیاں سرکل کے تھانہ چھانگا مانگا اور الہٰ آباد کی ٹیموں نے الگ الگ کاروائیاں کرتے ہوئے ٹک ٹاک پر اسلحے کی نمائش کرنے والے تین ملزما ن نجم الحسن،احتشام اور افضل منیر کو گرفتار کیا۔

موٹرسائیکل چور گینگ
موٹرسائیکل چور گینگ کے علاوہ ٹک ٹاک پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے5 ملزمان گرفتار

ملزم احتشام کے قبضے سے 30بور کے دو پسٹل اور10گولیاں،نجم الحسن کے قبضہ سے پمپ ایکشن اور متعددراؤنڈز جبکہ افضل منیر سے30بور پسٹل برآمد کئے گئے۔ ملزمان ٹک ٹاک ویڈیوز اور سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کرتے تھے جس پر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ایس ڈی پی او چونیاں سرکل غلام دستگیر خان نے مزید بتایاکہ ناجائز اسلحے کے خاتمے کے خلاف جاری مہم میں کنگن پور پولیس نے دو مزید ملزمان شہباز اور پرویز، چونیاں پولیس نے ملزم سخی اور چھانگامانگا پولیس نے ملزم اقبال کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے چار عدد 30بور پسٹل اور متعدد گولیاں برآمد ہوئیں۔

سٹی چونیاں پولیس کی ٹیم نے چار رکنی موٹرسائیکل چورگینگ گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 5لاکھ مالیت کا مال مسروقہ جن میں 5موٹرسائیکلیں، 5موبائل فون اور دوعددپسٹل30بور شامل ہیں برآمد کئے۔ ملزمان میں بخشو،حارث،علی جٹ اور حسیب عرف جانی شامل ہیں۔

منشیات فروشی کے خلاف ہونے والی کاروائی میں الہٰ آباد پولیس نے اسماعیل عرف اقبال نامی منشیات فروش کے قبضے سے 1100گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کیا۔گرفتار تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرنے کے ساتھ ساتھ مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

ایس ڈی پی او چونیاں سرکل غلام دستگیر خان نے مزید بتایا کہ گزشتہ ہفتے الٰہ آباد پولیس نے ایک ماہ قبل اغواء ہونے والی پانچ کم سن بچیوں کو جدید طریقہ تفتیش سے برآمد کرکے انکے اہل خانہ کے حوالے کیا تھا جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں جاری ہیں۔

ڈی پی او قصور عمران کشور نے ایس ڈی پی او چونیاں سرکل غلام دستگیر خان، ایس ایچ او چھانگا مانگا عاطف نذیر، ایس ایچ او سٹی چونیاں عابد محمود، ایس ایچ او الٰہ آباد ملک شمشیر، ایس ایچ او کنگن پور نصر اللہ بھٹی اور انکی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں رکھی جائیں تاکہ بہترین سروس ڈلیوری سے پولیس اور عوام کے درمیان روابط کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جائے۔