گوجرانوالہ (لاہور نامہ) ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ رائے نعیم اللہ بھٹی کی ہدایت پر کی جانے والی کاروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن اینٹی کرپشن سیالکوٹ ضیاء اللہ نے دیگر افسران کے ہمراہ موضع وریو میں محکمہ جنگلات کی 16 کروڑ سے زائد مالیت کی 88 کنال اراضی با اثر ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کے بعد محکمہ کے حوالے کردی ہے-
ریجنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ مذکورہ اراضی پر با اثر ملزمان نے عرصہ دراز سے ناجائز قبضہ کررکھا تھا جس پر کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اینٹی کرپشن نے اراضی کو واگزار کرالیا ہے اور مذکورہ اراضی محکمہ جنگلات کے حوالے کردی گئی ہے-
ریجنل ڈائریکٹر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ریجن بھر میں بااثر، منظم اور طاقتور قبضہ مافیا کے خلاف ٹھوس ایکشن جاری ہے جس کے دوران بلا رو رعایت اور بلا تفریق زیر قبضہ تمام سرکاری اراضی ہر صورت واگزار کرائی جائے گی _