لاہور(لاہور نامہ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حج سکینڈل ،ایفی ڈرین اور توشہ خانہ کیسز گیلانی خاندان کے گلے کا طوق ہیں.
سینیٹ انتخابات سے قبل یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد کیا یہ سوچا جا سکتاہے کہ یہ لوگ ملک میں شفافیت کا نظام لانے میں سنجیدہ ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں شفافیت جبکہ ڈکیتوں کا ٹولہ صرف اپنی کرپشن اور محفوظ راستہ دینے کی بات کرتا ہے ۔مریم صفدر پنجاب میں بھی منڈی لگانا چاہتی تھیں لیکن اس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پیشکش آج بھی موجود ہے کہ اپوزیشن سینیٹ انتخابات کے بعد انتخابی اصلاحات اور ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے میز پر بیٹھے لیکن اس کے لئے کرپشن کیسز میں ریلیف کی کوئی شرط قبول نہیں کی جائے گی۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور جانتے ہیں کہ سیاست میں کس کا مثبت اور کس کا منفی کردارہے اور آئندہ عام انتخابات میں منفی سیاست کرنے والوں کا یقینا کڑا محاسبہ کیا جائے گا۔