لاہور (لاہور نامہ) لاہور آرٹس کونسل الحمراء‘خواتین کے عالمی دن کے موقع پر‘زبان و ادب،ڈرامہ،مصوری،موسیقی،کلاسیکی رقص،فلم،ٹیلی وژن،ریڈیو اور فنون لطیفہ کے دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجا م دینے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے نمائش بعنوان ”وجودِزن‘کمالِ فن“کا انعقاد کر رہی ہے۔
چیئرپرسن بورڈ آف گورنز لاہور کونسل الحمراء منیزہ ہاشمی نے اس حوالے سے کہا کہ ہماری خواتین کا ہر شعبہ زند گی میں اپنے آپ کو منوانا خوش آئندہے،عورت تہذیب کا ستون اور نسلوں کی معمار ہے،بہت بڑی سطح پر پہلی بار اس طرز کی نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے،
ہماری نوجوان نسل کو ان عظیم خواتین کی شخصیت کو کردار سے متعلق آگہی ملے گی جنہوں نے اپنی زندگیوں کو معاشرتی و سماجی زندگی کو خوبصورت بنانے کے لئے وقف کر دیا۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ڈاکٹرا سلم ڈوگر نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ہمیں اپنی بہادر ماؤں،بہنوں،بیٹیوں پر فخر ہے .
جو ہر میدان میں ملکی ترقی میں حصہ لے رہی ہیں۔ ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر الحمراء ذوالفقارعلی زلفی اس حوالے سے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔نمائش میں ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والی خواتین کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی، یہ نمائش 8مارچ 2021کو الحمراء آرٹ گیلری میں ہوگی۔