لاہور (لاہور نامہ) لاہورسی آئی اے پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران ناجائز اسلحہ بنانے والی فیکٹری پر ریڈ کرکے 3 ملزمان اور ڈکیتی معہ قتل کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے3 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرکے تقریبا 2 کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیاہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال خان نے آج اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرڈی آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن امین بخاری، ایس ایس پی انویسٹی گیشن عبدالغفار قیصرانی اور ایس ایس پی سی آئی اے توصیف حیدر بھی موجود تھے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ایس ایس پی سی آئی اے توصیف حیدر کی سربراہی میں ڈی ایس پی سی آئی اے سول لائنز دانش آصف رانجھا نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے شفیق آباد کے علاقے میں اسلحہ بنانے والی فیکٹری پر ریڈ کر کے فیکٹری کے مالک محمد رفیق، کاریگر عامر سہیل اورمالک مکان شہبازکو گرفتار کر کے تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اسلحہ تیار کرنے والے آلات،لوہے، پیتل اور پلاسٹک کی ہزاروں میگزین اور دیگر سامان بھی برآمد کرلیا ہے۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیاہے وہ 3 سے 4 دن کے بعد 600 پسٹل کے پارٹس تیار کر کے پشاورخیبر پختونخواہ بھجواتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سی آئی اے سول لائنز نے ہی ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی وارداتوں میں ملوث نومی عرف شانی ڈکیت گینگ کے 3ملزمان غلام مرتضیٰ عرف نومی، عاقل بوٹا اور شان عرف شانی کو گرفتار کر کے44 لاکھ 36 ہزار روپے مالیت کی نقدی، موبائل فونز، موٹرسائیکل اورناجائز اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ملزمان نے ریس کورس کے علاقہ میں موبائل فون شاپ پردوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے شہری اعجاز حسین کو قتل اور اشفاق کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزم شان عرف شانی پیشہ ور خاندانی ڈ کیت ہے .
اور اس کے دو سگے بھائی ضلع ننکانہ صاحب اور فیصل آباد میں پولیس مقابلوں میں ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ملزم خود ضلع شیخو پورہ میں ڈکیتی معہ قتل کے 3 مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل بھی جاچکاہے۔
انہوں کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں سے شہر بھر میں جرائم اور اسلحہ کلچر کا خاتمہ کیا جائے گااورجرائم پیشہ عناصر اورناجائز اسلحہ رکھنے اورتیار کرنے والوں کے خلاف زمین تنگ کر دی جائے گی۔لاہور پولیس جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا کر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔