اسلام آباد (لاہور نامہ) پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ سمیت ملک بھر میں 60 سال اور زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔
سیکریٹری ہیلتھ پنجاب محمد عثمان کے مطابق صوبے بھر میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر 104 ویکسینیشن سینٹرز فعال ہیں، ایکسپو سینٹر میں کل 20 ویکسینیشن کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔
محمد عثمان کے مطابق صوبے بھر میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد بزرگ شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، 60 سال سے زائد عمرکے افراد 1166 پر شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کرکے رجسٹریشن کروائیں یا کسی بھی قسم کی مدد اور رہنمائی کے لیے 1033 پر رابطہ کریں۔
خیبر پختونخوا میں بھی 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی کورونا ویکسینیشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔محکمہ صحت کے پی کے مطابق ہسپتالوں میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جاری ہے،
4 ہزار سے زیادہ بزرگ شہریوں نے کورونا ویکسینیشن کیلیے رجسٹریشن کروائی، پہلی ترجیح میں 80 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے حکام کے مطابق ویکسین لگانے کے بعد بزرگ شہریوں کو 30 منٹ مراکز میں رکھا جائے گا،
بزرگ شہریوں کی صحت سے متعلق معلومات کا اندراج بھی کیا جائے گا۔
صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کو مجموعی طور پر 56 ہزار ویکسین ملی ہیں۔پنجاب اور کے پی کی طرح سندھ میں بھی بزرک شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق 60 سال سے زائد عمر کے رجسٹریشن کروانے والے بزرگ شہریوں کو ویکسین لگوانے کے لیے ایس ایم ایس بھیجا جا رہا ہے، بزرگ شہری ایس ایم ایس پر دیے گئے متعلقہ سینٹر پر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا تھا کہ 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل 10 مارچ بروز بدھ سے شروع ہو گا۔
اسد عمر نے بتایا کہ لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل عمر کے اعتبار سے ہو گا یعنی زیادہ عمر کے افراد جنہوں نے رجسٹریشن کروائی ہو گی انہیں پہلے ویکسین لگائی جائے گی۔