اسلام آباد (لاہور نامہ)ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کامیلوف نے وزارتِ خارجہ میں ‘ وفد کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، ازبکستان کو وسط ایشیائی ممالک میں ایک اہم برادر ملک سمجھتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان عقیدے ، مشترک تاریخ اور ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی خوشگوار تعلقات استوار ہیں جوکثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں ۔
وزیر خارجہ نے اپنے ازبک ہم منصب کو قبل ازیں، میونخ اور ماسکو میں ہونیوالی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ معاشی شراکت داری کے فروغ، امن، ترقی اور رابطے بڑھانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ،
اہم علاقائی و عالمی فورمز خاص طور پر اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او اور ایس سی او میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط خوش آئند ہیں ۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دونوں ممالک علاقائی روابط بڑھانے خاص طورپر پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی جلد تعمیر کے لئے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں ،
وزیر خارجہ نے اپنے ازبک ہم منصب کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں اور ان کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا،دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تجارت سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ،
ازبک وزیر خارجہ جناب عبدالعزیز کامیلوف نے خطے میں روابط کے فروغ اور قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ،توقع ہے کہ ازبک وزیر خارجہ کامیلوف کے حالیہ دورہ ئ پاکستان سے دو طرفہ روابط کی رفتار مزید بڑھانے میں مدد ملے گی جبکہ باہمی مفاد کے شعبوں میں موجود دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔