اسلام آ باد (لاہور نامہ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دشمن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا،ہم ایک مضبوط ایٹمی قوت ہیں، ہماری دلیر اور مضبوط افواج ہماری آزادی کا نشان ہیں،ہم بہت جلد کورونا وبا پر قابو پا لیں گے،
نظم و ضبط اور ذمہ داری کے ساتھ اس چیلنج کا مقابلہ کیا ، بہت سے ترقی یافتہ مملک کے لیے ایک مثال ہے کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے وہ انسانی المیہ بن چکا ہے،بلاشبہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے ،
دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے لیے آواز بلند کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے،پاک چین کے تعلقات ضرب مثل کی مانند ہیں،چین کی جانب سے ملنے والی کورونا ویکسین پر وہاں کی عوام اور حکومت کا شکرگزار ہوں افغانستان میں امن کیلئے ہر تعاون اور حمایت کیلئے پیش پیش ہیں ، افغان امن عمل میں ہماری کوشش کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔
جمعرات کو یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ مذہبی، سیاسی اور ثقافتی آزادی کی تجدید نو کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرار داد پاکستان جو 81 برس قبل 23 مارچ کے دن پیش کی گئی دراصل پہلی جامع دستاویز تھی جس میں واضح طور پر دو قومی نظریے کی بنیاد پر ہندوستان کے مسلمانوں کے مسقتبل کا تعین کیا گیا تھا۔ اسلام آباد کے نواح میں شکر پڑیاں پریڈ گرانڈ میں 23 مارچ ‘یوم پاکستان’ پر معطل ہونے والی پریڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں سفر کا آغاز کیا تھا لیکن آج ہم شعبہ ہائے زندگی میں ترکی کرنے کے ساتھ دفاعی لحاظ میں خود انحصاری حاصل کرچکے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم ایک مضبوط ایٹمی قوت ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہماری دلیر اور مضبوط افواج ہماری آزادی کا نشان ہیں اور خودمختاری کی علامت ہیں، ہمارے شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ ہو یا اندورنی خلفشار، دہشت گردی ہو یا امن و امان کا مسئلہ، حادثات ہو یا قدرتی آفات لیکن ہماری افواج اور قوم نے شانہ بشانہ وطن عزیز کی حفاظت اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے نفرت اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کی وہ قابل تحسین اور جس کامیابی اور پیشہ ورانہ مہارت سے رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کیا آج پوری دنیا اس کی معترف ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا کو کورونا وبا کے مسائل کا سامنا ہے لیکن جس طرح ہم نے محدود وسائل میں قومی آگاہی، نظم و ضبط اور ذمہ داری کے ساتھ عام مزدور کا احساس کرتے ہوئے اس چیلنج کا مقابلہ کیا اور نمازیں قائم رکھیں، بہت سے ترقی یافتہ مملک کے لیے ایک مثال ہے۔
یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی نے امید ظاہر کی کہ ہم بہت جلد کورونا وبا پر قابو پا لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں اور ہمیں اسلامی ورثے، قومی نظریات و روایات کا پاس رکھتے ہوئے ترقی اور جدت کی دوڑ میں اپنی صلاحیت کو بروکار لاتے ہوئے پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی، جمہوری اور فلاحی مملکت کے طور پر منوانا ہے۔