جدیدرائفلیں, غلام محمود ڈوگر

سی آئی اے لاہور کا جدیدرائفلیں، پسٹلز اور سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد، غلام محمود ڈوگر

لاہور (لاہور نامہ)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ آپریشنز اور انوسٹی گیشن ونگ کی مجوزہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید افرادی قوت فراہم کرکے دونوں ونگز کو مزید مضبوط بنایاجا رہا ہے۔

سی آئی اے کی کلاشنکوف کلچر اور آتش بازی کا سامان بنانے والوں کے خلاف انٹیلی جینس بیسڈ کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ سی آئی اے نے مارچ میں 335 مقدمات کے چالان پیش کئے اور مجموعی طور پر چھ کروڑ اسی لاکھ روپے مالیت کی ریکوری کی جو ایک خوش آئند کارکردگی ہے۔

غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ سی آئی اے پولیس نے ڈاکٹر عرفان الحق کے گھر میں ڈکیتی کی واردات کرنیوالے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ملزمان میں شفقت، ارسلان، سرفراز، احتشام اور علی شامل ہیں۔

ملزمان کے قبضہ سے 2 کروڑ 5 لاکھ روپے کا مال مسروقہ، 28 لاکھ نقدی ،کار، 128 تولے طلائی زیورات، ڈائمنڈز اور موبائل فونز برآمد کر لئے گئے۔غلام محمود ڈوگر نے مزید بتایا کہ ڈکیتی کی دیگر وارداتوں میں ملوث مزید 13 ملزمان بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔

گرفتار ملزمان کے قبضہ سے تین کروڑ 67 لاکھ روپے کی ریکوری کروائی گئی۔مزید براں لین دین کے معمولی تنازعے پر شہری حسان کو قتل کرنے والے ملزم ارسلان ، فیاض نامی شہری کو قتل کرنیوالے دو ملزمان عبداللہ اور احسن للا، شہباز نامی شہری کو صرف 45 ہزار روپے کے لین دین کے تنازعہ پر قتل کرنیوالے ملزم جاوید کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے مزید کہا کہ آتش بازی کا سامان مہیا کرنے والے چار بین الصوبائی ڈیلرز کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضہ سے بھاری مقدار میں لاکھوں روپے مالیت کا آتش بازی کا سامان برامد کیا گیا۔بی ایف اینڈ اسلحہ کمپنی کے مالک آصف نعیم کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔

ملزم کے قبضہ سے 13 عددجدید رائفلیں، 18 پسٹلز اور سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں اور کارتوس برآمد کر لئے گئے۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ بدمعاشوں، قبضہ مافیا اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مسلسل کارروائیوں سے شہر بھر میں جرائم اور اسلحہ کلچر کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اورناجائز اسلحہ رکھنے اورتیار کرنے والوں کے خلاف زمین تنگ کر دی جائے گی۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ لاہور پولیس جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا کر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔

سی سی پی او لاہور نے اس موقع پر مال مسروقہ ،زیورات اور نقدی اصل مالکان کے حوالے کی جنہوں نے قلیل مدت میں ان کی قیمتی رقوم،زیورات و دیگر اشیا برامد کرنے پر لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔