شفقت محمود

کالعدم تحریک لبیک کی جانب سے پولیس پر تشدد ،اس کی مثال نہیں ملتی، شفقت محمود

لاہور( لاہورنامہ)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح اقوام متحدہ میں ناموس رسالت کے لئے آواز بلندکی ماضی میں کسی بھی حکمران نے نہیں کی ،

جس طرح کالعدم تحریک لبیک کی جانب سے حالیہ احتجاج میں پولیس پر تشدد کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی ،پولیس نے جس طرح بہادری ،برداشت اور فرض شناسی سے بدامنی میں امن و امان کے قیام کے لئے قربانیاں دیں وہ لائق تحسین ہیں،

حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن وامان کی صورتحال کو بحال رکھے، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دی جائے گی ، پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن وامان کو بحال رکھا ۔

انہوں نے مشتعل مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کے بعد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم سب ناموس رسالت کے لئے کٹ مرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب کچھ یورپی ممالک میں توہین رسالت کے واقعات ہوئے تو اس وقت ایک آواز جو مسلم دنیا سے بلند ہوئی وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ترکی کے صدر طیب اردگان کی تھی ،

ایک ایسا ملک اور ایسی حکومت جو ناموس رسالت کے لئے جان چھڑکتی ہو اور ناموس رسالت کی حفاظت کے لئے عالمی سطح پر آواز بلند کرہی ہو عالم کفر کو باور کروا رہی ہو کہ مسلمان مر مٹ سکتے ہیں لیکن ناموس رسالت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کر سکتے کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ حکومت اپنے ملک میں ناموس رسالت پر پہرہ نہ دے۔

احتجاج کی آڑ میں اپنے ملک کی املاک کو نقصان پہنچاناشہریوں کے لئے پریشانی پیدا کرنا جلا ئوگھیرائواداروں پر حملہ کرنا غداری کے زمرے میں آتے ہیں جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی ۔مذاکرات ہیں تمام مسائل کا حل ہوتا ہے اور اس معاملہ پر بھی مذاکرات ہو رہے تھے لیکن اس دوران پرتشدد رویہ اختیار کیا جانا انتہائی افسوس ناک امر تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا اپنا ملک ہے اس کی بہتری کے لئے ہم نے مل جل کر کام کرنا ہے ہم اگر اسی طرح اپنے ہی ملک میں جلا ئوگھیرائو اور املاک جلائیں گے تو اس سے اسلام دشمن قوتوں کو کیا فرق پڑے گا نقصان تو ہمارا اپنا ہی ہو گا۔اسلام دشمن قوتیں تو اتنا نقصان شاید ہی نہ کر سکیں جتنا ہم خود اس طرح کے واقعات کی وجہ سے کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن وامان کی صورتحال کو بحال رکھے ،ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت کسی صورت بھی نہیں دی جائے گی ،پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن وامان کو بحال رکھا،پرتشدد احتجاج میں 600 سے زائد پولیس کے نوجوان زخمی اور کچھ شہید ہوئے ۔

انہوں نے کہاکہ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ حکومت کاساتھ دیں تاکہ دنیا بھر میں موجود اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا جاسکے ،وزیر اعظم عمران خان اپنی دوراندیشی سے دنیا بھر میں ان قوتوں کا مقابلہ کر رہے ہیں ہمیں بحیثیت پاکستانی ان کابھرپور ساتھ دینا چاہیے۔