پنجاب میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا،ڈاکٹر ارشد

لاہور: تاجر رہنما و چیئرمین قائمہ کمیٹی ایگروبیس انڈسٹریز و ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرآف کامرس ڈاکٹر محمد ارشدنے کہا ہے کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد اور اس میں نئی انڈسٹریز کے قیام کے لیے پرکشش مراعات سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔صوبہ میں سرمایہ کاری کانفرنس کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنانے سے مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگاتاکہ وہ کھلے دل اور اعتماد کے ساتھ ملک میں سرمایہ کاری کرسکیں انہوںنے کہا کہ نئے پاکستان میں پنجاب کو ملکی و غیر ملکی سرمایہ کای کیلئے پرکشش مقام حاصل ہوگا ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایگرو بیس انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر محمد ارشد نے کہا کہ پنجاب میں فوڈ اینڈ ایگرو پارک کے قیام کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوڈ اینڈ ایگرو پارک کے منصوبے پر عملدرآمد سے زرعی شعبے میں دس ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوگی، اور اس منصوبے سے روایتی اور فرسودہ زراعت کو تبدیل کرکے جدید زراعت کو فروغ ملے گا اور پارک کے قیام سے جدید نالج اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر ہوگی جس میںچینی ٹیکنالوجی سے بھر پو ر استفادہ کیا جاسکتا ہے اس منصوبے سے زرعی و صنعتی شعبہ دونوں ترقی کرےنگے اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن بھی پورا ہوگا۔