اسلام آباد( لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومتوں کی خارجہ پالیسی گلیوں اور محلوں میں نہیں بنتی ،
کسی بھی حکومت کو زمینی او ربدلتے حالات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا ہوتے ہیں اور حالات کوسدھارا جاتا ہے اور حکومت نے حالیہ واقعہ میں اسی جانب پیشرفت کی ہے ،وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیو کے خلاف بھرپور آواز بلند کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے پاس طاقت ہوتی ہے اوروہ استعمال کرسکتی ہے لیکن حکومت نے بات چیت کا سلسلہ شروع کیا اور وفاقی و صوبائی وزراء نے پر امن حل نکالنے کی نیک نیتی سے کوشش کی ۔ موجودہ حالات میں ہمارا ملک انتشار اور افرا تفری کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لئے سب کو صبرو تحمل سے کام لینا چاہیے ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ذاتی تشہیر کی بجائے اصلاحات پر مبنی ایسے اقدامات اٹھائے ہیں جن کا ملک کو فائدہ ہوگا ، اصلاحات کے نتیجے میں ہی ہماری معیشت کے اشاریے بہتر ہو رہے ہیں ، روپیہ مستحکم ہوا ہے ، اوور سیز پاکستانیوں کا اعتماد بڑھا ہے اور ہر ماہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کے بیگاڑ اور انہیں سدھارنے کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات کو بھی عوام کے سامنے رکھیں گے اور اس کے بعد عوام بہترین منصف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ورثے میں جتنے چیلنجز ملے ہیں .
سابقہ کسی دور میں اس کی کوئی مثال موجود نہیں لیکن اس کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے نام نہاد تجربہ کار حکمرانوں کے مقابلے میں اپنے عزم سے نہ صرف ان چیلنجز کا مقابلہ کیا بلکہ ملک کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے ۔