لاہور (لاہورنامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی شہری وطن عزیز کا انتہائی قیمتی سرمایہ ہیں جو اپنی محنت و قابلیت کے ذریعے نہ صرف دیگر ممالک میں ممتاز مقام رکھتے ہیں بلکہ اپنی ترسیلات زرکے ذریعے ملک کی معاشی ترقی واستحکام میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ حکومت کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر ہرممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کا عمل مزید تیز کرنے کیلئے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ایک پولیس اسٹیشن مختص کیا جائے گا جس کا بنیادی مقصد لاہور شہر کے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے بلا تاخیر فاسٹ ٹریک اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں اسی ماڈل کو نافذ کیا جائے گا تاکہ وہاں کے اوور سیز پاکستانی شہری بھی جدید سروس ڈلیوری کے اس نظام سے مستفید ہوسکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں اوور سیز پاکستانی کمیشن کے تین رکنی وفد سے ملاقات سے کیا۔ وائس چئیرمین وسیم اختر کی قیادت میں آئے 3رکنی وفد سے ملاقات کے دوران اوور سیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور انکے حل کیلئے جاری پنجاب پولیس کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کے ارکان میں کمشنر اوور سیز پاکستانی کمیشن، سید خادم عباس اور ڈائریکٹر پولیس میٹرز، امتیاز احمد بھی شامل تھے۔
وائس چئیر مین اوور سیز پاکستانی کمیشن وسیم اختر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی املاک سے قبضے ختم کروانے اور مسائل کے حل کیلئے بروقت اقدامات کرنے پر پنجاب پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے موثر اقدامات کی بدولت درجنوں اوور سیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے قبضے ختم ہوئے ہیں جبکہ لاہور میں مختص ہونے والا پائلٹ پراجیکٹ پولیس اسٹیشن بھی انتہائی موثر ثابت ہوگا۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کا انتہائی اہم حصہ ہیں انکی مشکلات کے ازالے کیلئے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہر ممکن اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ اوور سیز پاکستانی پنجاب پولیس کے خدمت مرکز گلوبل پورٹل سے بھی متعدد سروسز باآسانی اپنے ممالک سے ہی حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے گلوبل پورٹل میں مزید سروسز کو شامل کیا جارہا ہے تاکہ اوور سیز پاکستانیوں کو مختلف دستاویزات کے حصول میں کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔