مسرت چیمہ

وزیر اعظم کے کامیاب دورہ سعودی عرب نے اپوزیشن کے ہوش اڑادیے، مسرت چیمہ

لاہور( لاہورنامہ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سٹیٹس کو کی حامل قوتو ں کے خلاف نبرد آزما ہیں او رانشا اللہ انہیں قانون کی طاقت سے شکنجے میں لائیں گے ،

سابقہ حکمرانوں کی چھتری کے نیچے پرورش پانے والے مافیاز کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے ، مزاحمت کے باوجود بنیادی ضرورت کی اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد اور قیمتوں کو ریگولیٹ کر کے موثر میکنزم بنایا جائے گا .

اور اس کے لئے پیشرفت جاری ہے ،مسلم لیگ (ن) کے بقول کورونا وباء کی وجہ سے نواز شریف کا علاج تاخیر کا شکار ہے جبکہ شہباز شریف کورونا وباء میں ہی علاج کیلئے لندن جانا چاہتے ہیں۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کادورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا ہے اور ہمیں اس کیلئے اپوزیشن سے کسی سر ٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کو دورہ سعودی عرب میں غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور اسی وجہ سے اپوزیشن کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں او ریہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں ۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا جس سے پاکستان کیلئے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سٹیٹس کو کو توڑنے اور ان قوتوں کو قانون کے شکنجے میں لانے کیلئے پر عزم ہیں اسی لئے ان کی ہر روز چیخیں سنائی دے رہی ہیں۔