جاوید لطیف

اشتعال انگیز بیانات کے الزام میں گرفتار لیگی رہنما جاوید لطیف جیل منتقل

لاہور(لاہورنامہ) لاہور کی مقامی عدالت نے بغاوت اور اشتعال انگیز بیانات کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔

مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر بکتر بند گاڑی اور سخت سکیورٹی میں ماڈل ٹائون کچہری میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے جاوید لطیف کو14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے 26 مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔عدالتی حکم کے بعد جاوید لطیف کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنان کی جانب سے جاوید لطیف کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور جاوید لطیف کے حق میں نعرے لگائے۔

عدالت پیشی کے موقع پر جاوید لطیف نے کہا کہ پوچھتا ہوں میرا گناہ کیا ہے؟ پنجاب کے لوگوں کو غدار قرار دیا جا رہا ہے۔ ہمیں بات کرنے پر غدار کہا جاتا ہے ہمیں اپنے گھر کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔