لاہور( لاہورنامہ)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئر مین سینٹ مرزا محمد آفریدی،سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبد العلیم خان ،سینیٹر اعجاز چوہدری اور سنیٹر ولید اقبال نے ملاقات کی جس میں سیاسی وپار لیمانی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی،
ملاقات میں فلسطینی عوام پر اسرائیلی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے اس کا سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاگیا ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کوئی سیاسی اور ذاتی ایجنڈہ نہیں وہ صرف اور صرف ملک وقوم کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں ،اپوزیشن کے تمام تر منفی پراپیگنڈے کے باجوود پاکستان پہلے سے زیاد ہ مضبوط اور مستحکم ہے ،
اپوزیشن کے تمام عزائم 2023تک ناکام ہوتے رہیں گے اور ملک میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے ۔گور نر چوہدری محمدسرور نے اسرائیل کی دہشتگردی سے 150سے زائد فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے خلاف اسلامی ممالک کی صرف مذمت سے کچھ نہیں ہوگا ،بلکہ اب وقت آچکا ہے کہ تمام اسلامی ممالک متحد ہوکر اسرائیل کی دہشتگردی کے خلاف ددٹوک فیصلہ کن حکمت عملی بنائیں ورنہ ایسے مظالم میں مزید اضافہ ہوتا رہے گا ،
کوئی شک نہیں بے گناہ مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام سب سے بڑی دہشتگر دی ہے اورپاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا ۔ چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی دہشتگردی کا نوٹس لینا چاہیے ،22کروڑ پاکستانی فلسطینی بہن بھائیوں کیساتھ ہیں اوران کے لئے کسی قر بانی سے دریغ نہیں کر ینگے ۔
ڈپٹی چیئر مین سینٹ مر زا محمد آفر یدی نے کہا کہ دنیا میں امن کیلئے فلسطین اور کشمیر کی آزادی لازم ہوچکی ہے اور اسرائیل کی دہشتگردی کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ قبل ازیں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے نماز عید بادشاہی مسجد میں ادا کی اور اس موقع پر ملکی ترقی سلامتی استحکام فلسطینیوں اور کشمیر یوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعابھی کی گئی ۔