لاہور( لاہورنامہ)سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر قبضہ مافیہ کے خلاف جاری مہم کے تسلسل میں لاہور پولیس نے گزشتہ روز فیصل ٹائون کے رہائشی بزرگ بہن بھائی شہریوں کا 12کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ایک کنال رقبے پر مشتمل گھر قابضین سے واگزار کروا دیا۔
بااثر ملزمان نے عرصہ ڈیڑھ سال قبل بزرگ بہن بھائی شہریوں کا گھر کرائے پر لیا لیکن ملزمان کسی طرح شہریوں کے گھر پر ہی قابض ہوگئے۔ملزمان نے جعلی دستاویزات تیار کرکے گھر کے اصل مالکان کو قانونی معاملات میں الجھائے رکھا۔
بااثر ملزمان بزرگ خاتون اور ان کے بھائی پر اس دوران تشدد بھی کرتے رہے۔ملزمان نے گذشتہ روز رات گئے بزرگ شہریوں کو ان کے ذاتی گھر سے دھکے دے کر نکال دیا۔بزرگ خاتون نے مدد کیلئے ہیلپ لائن 15 پر کال کی۔ایس ایچ او فیصل ٹاؤن عاصم جہانگیر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو موقع پر دھر لیا۔
ملزمان کے قبضہ سے جدید اسلحہ اورجعلی دستاویزات بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔پولیس نے فوری ایکشن لے کر بزرگ شہریوں کی کروڑوں مالیت کی پراپرٹی کو قابضین سے واگزار کروا دیا۔
قبضہ واپس ملنے پر بہن بھائی شہریوں نے سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔بزرگ شہریوں کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا نے انہیں در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیا تاہم لاہور پولیس کی بروقت کارووائی کی وجہ سے انہیں انکی جمع پونجی کی کمائی واپس مل گئی۔
شہری نے کہا کہ پراپرٹی کا قبضہ واپس ملنے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور ان کی ٹیم کا مشکور ہوں۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگرنیکہا کہ لاہورپولیس شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کی ضامن ہے۔
شہر میں کسی قبضہ گروپ، بدمعاشوں کی کوئی گنجائش نہیں۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر سائلین کی دادرسی کی جارہی ہے۔سادہ لوح شہریوں کی زمینیں جائیدادیں ہتھیانے والے بااثر بدمعاش قبضہ مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔
سی سی قبضہ مافیا کے متاثرہ شہری سی سی پی او آفس میں قائم اینٹی قبضہ مافیا سیل سے رجوع کرکے یا قبضہ کے متعلق قائم 15 اور مخصوص نان ایمرجنسی ہیلپ لائن 1242 پر کال کر کے شکایات درج کروا سکتے ہیں۔