لاہور (لاہورنامہ) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کوئٹہ سےتعلق رکھنے والی بیوہ خاتون عائشہ کو اس کی ڈوبی رقم واپس دلوا کر انصاف فراہم کر دیا۔
سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے آج اپنے دفتر میں واجبات کی مد میں چار لاکھ 72 ہزار روپے کی رقم قابضین سے لےکر عائشہ بی بی کے حوالے کی۔ ایس ایس پی سی آئی اے شعیب خرم جانباز، ایس پی ماڈل ٹاون دوست محمد اور دیگر پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔
عائشہ بی بی نے گذشتہ روز "آپ کا وزیر اعظم،آپ کے ساتھ” پروگرام میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو اس حوالے سے فون کال کی تھی۔ لاہور پولیس نے ڈی ایچ اے رہبر میں بیوہ خاتون کا گھر پہلے ہی واگذار کروا دیا تھا تاہم عمران اصغر نامی کرایہ دار بیوہ خاتون کے بقیہ واجبات ادا نہیں کررہا تھا۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی خصوصی کاوش سے عائشہ بی بی کے بقایا جات بھی واپس دلوا دیئے گئے۔بقایا جات واپس دلوائے جانے پر بیوہ خاتون عائشہ نے وزیر اعظم عمران خان، آئی جی پنجاب انعام غنی اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی بیوہ خاتون عائشہ بی بی کی شعبہ تدریس سے منسلک 65 سالہ والدہ نے اپنی عمر بھر کی کمائی سے ڈی ایچ اے رہبر لاہور میں ایک منزلہ گھر تعمیر کیا اور 2019ء میں یہ گھر عمران اصغر نامی شخص کو کرائے پر دے دیا جس نے ان کے گھر پر قبضہ کر لیا۔
لاہور پولیس نے سال 2020ء میں عائشہ بی بی کو اس کا گھر قابض عمران اصغر سے واگذار کروا کر خاتون کے حوالے کر دیا تھا تاہم کرایہ دار عمران اصغر نے قبضہ چھوڑتے وقت دس سے گیارہ ماہ کا گھر کا کرایہ،مکان کے دیگر بقایا واجبات،بجلی کے بل اور سوسائٹی کے چارجز کی مد میں مجموعی رقم 4 لاکھ 72 ہزار بیوہ خاتون کو ادا نہ کی تھی جس کی واپسی کے لئے خاتون نے وزیر اعظم پاکستان سے بذریعہ فون رجوع کیا۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے معاملے کی اطلاع ملتے ہی فوری ایکشن لیتے ہوئے عائشہ بی بی کی شکایت کی دادرسی کی اور خاتون کی پوری رقم انہیں واپس دلوا کر مسئلہ حل کروا دیا۔ عائشہ بی بی نے اس کی رقم واپس دلوانے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان،آئی جی پنجاب انعام غنی اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا شکریہ ادا کیا۔