لاہور( لاہورنامہ)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سابقہ حکمران اپنے ادوارمیں کرپشن اور لوٹ مار کے ماڈل پیش کرتے جبکہ موجودہ حکومت عوامی خدمت اور گورننس کے ماڈلزمتعارف کر اکے ان پر پیشرفت کر رہی ہے ،
پنجاب حکومت نے” خدمت آپ کی دہلیز پر ” پروگرام شروع کر کے عوامی خدمت کا منفرد ماڈل پیش کیا ہے ، مسلم لیگ (ن ) میں اس وقت گھمسان کی جنگ جاری ہے اور پی ڈی ایم بھی اس کی لپیٹ میں آئی ہوئی ہے ۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے عوامی خدمت کے پروگرام کو ہر طبقے سے بے حد پذیرائی مل رہی ہے ،صوبے میں گلی محلوں اورشاہراہوںکی صفائی ستھرائی ،سیوریج اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوںپر حل ہو رہے ہیں،
”خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام اصلاحات کا ایک نمونہ ہے ،اس سے عوامی خدمت کاانداز بدلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خدمت ایپلیکیشن ڈائون لوڈ کرکے مسائل سے آگاہ کریں جوترجیحی بنیادوں پرگھنٹوں میں حل کئے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں اس وقت قیادت کے حصول کیلئے گھمسان کی جنگ جاری ہے اور پوری پی ڈی ایم بھی اس کی لپیٹ میں ہے ۔
شہباز شریف اور مریم نواز ایک دوسرے کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے (ن) لیگ دو واضح دھڑوں میں تقسیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پانی کی تقسیم کے معاملے پر وفاق کے خلاف گمراہ کن پراپیگنڈہ کرنے سے باز رہے کیونکہ اب عوام ان کے کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔