طاہر محمود اشرفی

افواہوں کے ذریعے کورونا ویکسینیشن میں سازش تلاش کرنا بند ہونا چاہیے، طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر اعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ افواہوں کے ذریعے کورونا ویکسینیشن میں سازش تلاش کرنا بند ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ انتہا پسندی، تمباکو نوشی اورسوشل میڈیا کے کچھ پہلو نوجوان نسل تباہ کر رہے ہیں۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ جمعہ کے خطبات میں ماحولیات کا ذکر کرنے کی اپیل کرتے ہیں،

جمعہ کے خطبات میں سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی کے بیان دیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا صحیح تناسب بھی نکالنے کی ضرورت ہے، کسی بھی قوم کو برباد کرنا ہے تو اس کی نوجوان نسل کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ افواہ سازی اور سگریٹ سازی پر پابندی عائد ہونی چاہیے،

سگریٹ ہی نہیں بلکہ دیگرمنشیات سے بھی نوجوان نسل کو تباہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا سے جتنا پاکستان محفوظ رہا اس سے پوری دنیا حیران ہے، تمام مکاتب فکر کے علما کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن لگانی چاہیے۔