میاں اظہر, عوام دوست بجٹ

حکومت اس دفعہ عوام دوست بجٹ لائے گی،یہ سال ریکارڈ ترقیاتی کاموں کا سال ہوگا،میاں اظہر

لاہور(لاہورنامہ) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر نے کہا ہے کہ حکومت اس دفعہ عوام دوست بجٹ لائے گی۔

یہ سال ریکارڈ ترقیاتی کاموں کا سال ہوگا اور مہنگائی کی شرح بھی بتدریج کم ہونا شروع ہو جائے گی۔ گزشتہ سالوں میں وزیر اعظم نے غریب عوام کی بھلائی کے لئے جو بھی کام کئے سابق حکمرانوں کے لاڈلوں اور مافیا نے روڑے اٹکائے۔اب ایسا نہیں ہوگا۔

عمران خان مافیاز اور قبضہ گروپوں کو نکیل ڈالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔انہوں نے گزشتہ روزاین اے 126میں پی ٹی آئی سمن آباد ٹاؤن کی سینئر نائب صدر فارینا عامر کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں عامر،شگفتہ ساجد،انیس سرور،میاں عمر، ملک رؤف،عمر محبوب اور خواتین کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پرسینئر رہنما میاں عامر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔

این اے 126میں جو کام پچھلے 30سالوں میں نہیں ہوئے اب تیزی سے ہو رہے ہیں۔عام عوام کو سہولتیں پہنچانے کے لئے تاریخی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ غریبوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لئے حکومت بلا سود قرض آسان شرائط پر دے رہی ہے۔ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کامیاب جوان پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے۔

اس طرح صحت و صفائی کیلئے خدمت آپ کی دہلیز پر اور غریب لوگو ں کو مہنگے علاج کی سہولتیں مفت فرام کرنے کیلئے صحت کارڈ کا اجراء ہو چکا ہے۔ماحول کو بہترین بنانے کے لئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اربوں درخت لگائے جارہے ہیں۔

بے سہارا لوگوں کیلئے بہترین سہولتوں سے آراستہ پناہ گاہیں اور لنگر خانے تعمیر کئے گئے ہیں۔اوور سیز پاکستانیوں کو مفت، بروقت اور تیز ترین انصا ف فراہم کرنے کیلئے ہر ضلع کی سطح پر اوور سیز پاکستانی کمیشن قائم کر دیا گیا۔