لاہور(لاہورنامہ) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گور نر ہائوس لاہور میں ملاقات کی جس میں سیاسی ،حکومتی اور پار لیمانی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی اور کینیڈا میں مسلمان خاندان کو ٹرک تلے کچلنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس پر ورثا سے اظہار تعزیت بھی کیا ۔
ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو آگے اور اپوزیشن پیچھے لیکر جانا چاہتی ہے لیکن ہم ان کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے .
کیونکہ عوام نے ہمیں2023تک حکومت کر نے کا مینڈیٹ دیا ہے اور آئینی مدت پور ی کر نا تحر یک انصاف کی حکومت کا آئینی اور جمہوری حق ہے جو انشا اللہ ہم پورا کر یں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے .
اور عوام اپنے ووٹ سے فیصلہ کر یں گے کہ وہ آئندہ کس کو حکومت دینا چاہتے ہیں ۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن پہلے دن سے ہی میں نہ مانوں کی پالیسی پر گامزن ہے اور ہر معاملے میں رکاوٹیں ڈالنا ہی سیاسی مخالفین کا اصل مشن بن چکا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشی میدان میں پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ،اپوزیشن جماعتوں کے سوا ہر کوئی ملکی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچانے کا کر یڈٹ بھی تحر یک انصاف کی حکومت کا جاتا ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پار لیمنٹ سمیت تمام اداروں کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ہر قومی ایشو پر سب کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ اُنہو ں ںے کہا کہ ہم سب نے مل کر پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنانا ہے ۔