اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ بار ایسوسی ایشنز کی سیاست آزادانہ ہونی چاہئے، حکومت کی اس میں کوئی مداخلت نہ ہو،
انتخابات میں شفافیت کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے،ہماری سیاست عمران خان سے وابستہ ہے، پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے،ہم ہر سطح پر وکلاء کے ساتھ کھڑے ہیں، آئین و قانون کی سربلندی کیلئے وکلاء کی گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے انصاف لائرز فورم راولپنڈی اسلام آباد کے وفد نے ملاقات کی جس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل، ایڈووکیٹ جنرل اسلام اللہ نیازی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت بار ایسوسی ایشنز کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں اور پرعزم ہے، بار ایسوسی ایشنز کی سیاست آزادانہ ہونی چاہئے، حکومت کی اس میں کوئی مداخلت نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات میں شفافیت کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، راولپنڈی، ملتان اور پنجاب بار کونسل نے اپنے انتخابات ای وی ایم پر کروانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے،
دیگر بار ایسوسی ایشنز بھی ٹیکنالوجی کے استعمال سے استفادہ کر سکتی ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہماری سیاست عمران خان سے وابستہ ہے، پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ انصاف لائرز فورم کے مسائل سے آگاہ ہیں، ان کے حل کیلئے بھرپور کاوشیں کی جائیں گی، نوجوان وکلاء کو قرضوں کی فراہمی کے لئے اسٹیٹ بینک سے بات ہوئی ہے، کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوان وکلاء کو 10 لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے،
وزیراعظم کی نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں بھی وکلاء کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وکلاء کو صحت کارڈز کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہر سطح پر وکلاء کے ساتھ کھڑے ہیں، آئین و قانون کی سربلندی کیلئے وکلا کی گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں،
انصاف لائرز فورم راولپنڈی اسلام آباد کے ارکان میں صدر آئی ایل ایف راولپنڈی چوہدری محمد سعید، سینئر نائب صدور سخاوت حسین کاظمی، سید سبطین حسین بخاری، سید ریاض حسین کاظمی، محمد مسعود کھنڈوا، ایڈووکیٹ جنرل نیاز اللہ خان نیازی، مرزا آصف، قیصر عباس، عرفان احمد خان نیازی، صائمہ شجیع، عزیز الرحمان، نعیم الحسن اعوان، ملک طاہر، تصور اقبال بریار، کرنل (ر) سجاد اختر ملک، مقصود علی، محمد ندیم خان خاکوانی، سردار عمران خالد، سردار محمد خضر ندیم، ملک شیر محمد، عبداللہ سولنگی، عابد حسین، مبشر ندیم، رانا علی عمار، عدنان احمد خان یوسفزئی اور عتیق الرحمان صدیقی شامل تھے۔