آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت تھانوں کی اپ گریڈیشن اور جدیدسہولیات کا اجلاس

لاہور (لاہورنامہ)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے صوبے کے تمام آر پی او ز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر انتظام اضلاع کے تھانوں کی انسپکشن دو ماہ میں مکمل کرکے تفصیلی رپورٹس سی پی او بھجوائیں تاکہ ان رپورٹس کی روشنی میں تھانوں میں جدید وسائل اور سہولیات کی فراہمی اور تھانوں کی تعمیر و ترقی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیاجاسکے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ تھانوں کی انسپکشنز کا اولین مقصد سزا دینا نہیں بلکہ اصلاح اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری ہونی چاہئیے اور افسران کی باقاعدگی سے انسپکشن سے پولیس رویوں میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ تھانوں کی حالت کو بہتر سے بہتر کرنے میں بہت مدد ملے گی۔

پبلک سروس ڈلیوری اور پولیس رویوں میں شائستگی لا کر ہی عوام میں پولیس کے امیج کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکتا ہے لہذاتمام سپروائزری افسران اس بات پر بطور خاص توجہ دیں کہ تھانوں میں متعین سٹاف پبلک ڈیلنگ کے دوران ہمدردانہ رویہ اپنائیں تاکہ مشکلات کے شکار شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ تھانہ محکمہ پولیس کی بنیادی اکائی اور محور ہے چنانچہ نئے مالی سال میں تھانوں کو جدید وسائل اور سہولیات کی ہر ممکن فراہمی سے پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر سے بہتر بنانا محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام ترقیاتی فنڈز کو تھانوں کی تعمیر و ترقی اور اپ گریڈیشن کے پراجیکٹس پر بطور خاص صرف کیا جائے گا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشنز سے حاصل ہونے والے نتائج انتہائی حوصلہ افز ا ء ہیں لہذا صوبے کے تمام اضلاع میں تھانوں کی سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشنز (SIPS)میں اپ گریڈیشن کا کام مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے سپروائزری افسران تمام معاملات کی کلوز مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں تھانوں کی اپ گریڈیشن اور جدید سہولیات کی فراہمی بارے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو جاری کیں۔

دوران اجلاس افسران نے آئی جی پنجاب کو تھانوں کی موجودہ صورتحال، دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل بارے آگاہ کیا جس پر آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ مالی سال کو ”تھانوں کی اپ گریڈیشن“ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیاجا چکا ہے .

لہذا تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں تھانوں کی تعمیر و ترقی کے پراجیکٹس پر بطور خاص توجہ دیں تاکہ پولیسنگ کی جدید سہولیات کی فراہمی سے پبلک سروس ڈلیوری کا عمل بہتر سے بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جدید سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تھانوں میں متعین سٹاف کو پبلک ڈیلنگ کے حوالے سے موثر بریفنگ دی جائے .

تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر انداز میں سر انجام دیتے ہوئے مظلوم شہریوں کے دست و بازو بن سکیں اور شہریوں کے مسائل بغیر کسی پریشانی باآسانی حل ہوتے رہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس فاروق مظہر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ، سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر،ڈی آئی جی لیگل ڈاکٹر معین مسعود، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل سکھیرا، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی شاہد جاوید، ڈی آئی جی آئی اے بی ملک یوسف سمیت دیگر افسران موجود تھے جبکہ صوبے کے تمام آر پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔