لاہور (لاہورنامہ) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے میسرز سیمنز کے ساتھ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں موجود 220 کے وی گرڈ سٹیشنز پر آگمینٹیشن اور ایکسٹینشن کے کام کےلئے 3 معاہدوں پر دستخط کئے۔ ان معاہدوں کو ورلڈ بینک کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ جن کی کل لاگت 4.06 ارب روپے ہے۔
معاہدوں پر دستخط کی تقریب کا انعقاد آج لاہور کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ جس میں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر محمد ایوب اور منیجنگ ڈائریکٹر سیمنز (پاکستان) مسٹر مارکس سٹروہمیر (Markus Strohmeier) نے دستخط کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے کہا کہ این ٹی ڈی سی ملک بھر میں اپنے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی استعداد کو بڑھانے اور اپ گریڈ کرنے کےلئے پُرعزم ہے۔
آج این ٹی ڈی سی نے اس سلسلے میں میسز سیمنز کے ساتھ مل کر ملک کے تین صوبوں میں موجود 220 کے وی گرڈ سٹیشنز کے ڈیزائنز، سپلائی اور آگمینٹیشن کے منصوبوں پر دستخط کئے ہیں۔
منصوبوں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میسرز سیمنز 220 کے وی گرڈ سٹیشن سمندری روڈ اور 220 کے وی گکھڑ گرڈ سٹیشن (پنجاب) پر ڈیزائن، سپلائی اور آگمینٹیشن کے منصوبوں پر کام کرے گی۔
اس کے علاوہ 220 کے وی داﺅدخیل گرڈ سٹیشن پر ایکسٹینشن اور 220 کے وی بنوں گرڈ سٹیشن (خیبرپختونخوا) کی آگمینٹیشن جبکہ 220 کے وی روہڑی گرڈ سٹیشن، 220 کے وی ڈہرکی گرڈ سٹیشن (سندھ) اور 220 کے وی بہاولپور گرڈ سٹیشن پر آگمینٹیشن کا کام مکمل کرے گی۔
انہوں نے GIS گرڈ سٹیشن اسلام آباد پر میسرز سیمنز کے کام کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ این ٹی ڈی سی مستقبل میں بھی مزید بہتر کام کی توقع رکھتی ہے اور ان منصوبوں پر کام کے باعث وولٹیج کے مسائل میں بہتری آئے گی اور این ٹی ڈی سی کے نیٹ ورک کو تقویت ملے گی۔
ان منصوبوں پر کام جولائی 2021 میں شروع ہو گا جو کہ فروری 2023ءتک مکمل کر لیا جائے گا۔
منیجنگ ڈائریکٹر میسرز سیمنز نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمپنی بھی این ٹی ڈی سی کے ساتھ اچھی ہم آہنگی رکھتی ہے اور ہم اس سے پہلے بھی این ٹی ڈی سی کے ساتھ متعدد منصوبے مکمل کر چکے ہیں اور ان منصوبوں کو بھی مقررہ وقت پر مکمل کرنے کو ترجیح دینگے۔