پولیس ٹریننگ کالج

پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں بارھویں لیڈی ریکروٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد

لاہور (لاہورنامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ خواتین پولیس آفیسرز پنجاب پولیس کا انتہائی اہم حصہ ہیں جن کی بہترین پیشہ ورانہ تربیت اور اہم عہدوں پر پوسٹنگ کے ساتھ ساتھ بھرپور حوصلہ افزائی محکمہ کی اولین ترجیحات میں ہے۔

انہوں نے مزید آئندہ ریکروٹمنٹ میں خواتین آفیسرز کا کوٹہ 15فیصد سے بڑھا کر 30فیصد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین آفیسرز اورا ہلکار پولیس فورس کا حصہ بن کر نہ صرف پیشہ ورانہ کیرئیر میں ترقی کی منازل طے کریں .

بلکہ بہترین پرفارمنس سے محکمہ پولیس کیلئے بھی نیک نامی کا باعث بنیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ محکمہ پولیس خواتین آفیسرز کیلئے نہایت اچھی جاب ہے لہذا زیادہ سے زیادہ بیٹیوں اور بہنوں کو پولیس فورس کا حصہ بننا چاہئیے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ فیلڈ اور دفاتر میں ڈیوٹیاں سر انجام دینے والے پولیس فورس کے تمام افسران او اہلکار خود کو عوام کا ”خدمت گذار“ سمجھیں صرف اسی صورت میں وہ عوامی پذیرائی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ٹریننگ مکمل کرنے والے آفیسرز فیلڈ میں جاکر عوام الناس پر قانون کی سختی کرنے کی بجائے انکے ساتھ ویسا ہمدردانہ رویہ اختیار کریں .

جیسا ہم اپنے گھروں میں والدین، بہن بھائیوں اور عزیز رشتہ داروں کے ساتھ کرتے ہیں تاکہ پولیس فورس کا مجموعی تشخص تبدیل ہو اور خدمت خلق سے شہریوں کے دلوں کو جیتا جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ بارھویں لیڈی ریکروٹ کورس میں شامل خواتین آفیسرز کو جدید پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا گیا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آج پاس آؤٹ ہونے والی نوجوان پولیس آفیسرز فیلڈ ڈیوٹی میں آکر پبلک سروس ڈلیوری کو مزید بہتر اور آسان بنائیں گی۔