اسلام آ باد (لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سرکاری خزانے سے ہر تنخواہ لینے والے کے اثاثے سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کا اختیار نیب کو دینا عمران صاحب کی غنڈہ گردی ہے،
غنڈہ گردی اور نیب گردی کر کے ٹیکس ریوینیو میں اضافہ نہیں ہوتا ،2001 سے اطلاق کرنا عمران صاحب کی بدنیتی کا اظہار ہے ۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد یہ نیا ہتھکنڈا ختیار کیاگیا ،عوامی عہدیداروں کے اثاثہ جات تو پہلے ہی ظاہر ہوتے ہیں ،ایف بی آر کے پاس تمام ریکارڈ اور تفصیلات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا ایف بی آر سے یہ اختیار نیب کو دینے کے پیچھے کیا ایجنڈا ہے؟،انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کرکے سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر فرد کے اثاثے ظاہر کئے جائیں ،تین سال میں نیب نیازی گٹھ جوڑکی غنڈہ گردی نے ملک اور معیشت کو تباہ کیا،
ایف بی آر افسران کا ٹیکس دہندگان کو گرفتارکرنے کا اختیار مکمل ختم کیاجائے ،یہ فسطائی اقدامات عمران صاحب کے فسطائی اور بیمار ذہن کی عکاسی ہے۔