فیصل آباد (لاہورنامہ)مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے جا چکے ہیں،ایک شخص خاندان کو دو وقت کی روٹی نہیں کھلا سکتا،بے روزگاری انتہاء پر پہنچ چکی ہے،
حکومت نام کی چیز کہیں موجود نہیں ، نااہل حکومت کی وجہ سے لوڈشیڈنگ دوبارہ آ گئی ہے، قوم کی بدقسمتی ہے کہ اچھے بھلے بجلی کے کارخانے بند ہورہے ہیں۔
بدھ کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کرنے کے بعد مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن لوڈشیڈنگ ہے،مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،
کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے جا چکے ہیں،ایک شخص خاندان کو دو وقت کی روٹی نہیں کھلا سکتا،بے روزگاری انتہاء پر پہنچ چکی ہے، حکومت نام کی چیز کہیں موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنا مشکل وقت پاکستان کی عوام نے پہلے کبھی نہیں دیکھا،یہ تین سالہ نااہل دورحکومت کا نتیجہ ہے،
دالیں، چینی، گوشت اور اشیاء ضروریہ کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں، پورا ملک مہنگائی سے بلبلا رہا ہے، حکومتی وزراء خود اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ نواز شریف کے دور میں بجلی ضرورت سے زیادہ بنائی گئی، بتایا جائے کہ آج لوڈشیڈنگ کیوں ہے،
نواز شریف کے دور میں سب سے سستے بجلی کے منصوبے لگائے گئے، 20 ,20گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ختم کی،بیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ختم کرنا کوئی آسان بات نہیں، اس نااہل حکومت کی وجہ سے لوڈشیڈنگ دوبارہ آ گئی ہے، قوم کی بدقسمتی ہے کہ اچھے بھلے بجلی کے کارخانے بند ہورہے ہیں، غربت اور مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔