اسلام آباد(لاہورنامہ)وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیشن نے جنوبی پنجاب کیلئے ایک اور اہم پراجیکٹ کے تحت ملتان اورخانیوال کے مختلف پسماندہ گاؤں میں ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز منصوبے کا آغاز کردیا .
اس ضمن میں معاہدے پر وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری اور جاز نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر ابراہیم نے دستخط کئے۔
اہم تقریب میں وفاقی وزیر آئی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی جانب وزارت آئی ٹی کے تیز رفتار سفر کے حوالے سے آگاہ کیا ۔
انھوں نے بتایا کہ صرف جنوبی پنجاب کیلئے براڈ بینڈ سروسز کے 6 اور آپٹیکل فائبر کے 3 منصوبوں پر مجموعی طور پر 6 ارب 47 کروڑ روپے خرچ کررہے ہیں،ان منصوبوں کی تکمیل سے 38 لاکھ افراد کو ہائی اسپیڈ موبائل براڈ بینڈ اور تقریبا 2 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے کو فائبر آپٹیکل کیبل سے منسلک کردیا جائیگا۔سید امین الحق کے مطابق ان منصوبوں کے تحت بہاولپور ڈویژن کے 3 اضلاع بھاولپور، رحیم یار خان اور بھاولنگر میں ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے 3 منصوبوں پر مجموعی طور پر 70 کروڑ 88 لاکھ 44 ہزار روپے خرچ کررہے ہیں .
جس سے 846 گاؤں اور دیہاتوں میں مقیم تقریبا 26 لاکھ افراد مستفید ہوں گے ان تینوں منصوبوں پر 50 سے 75 فیصد تک کام مکمل کیا جاچکا ہے،اسی طرح ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے 4 اضلاع ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفرگڑھ اور راجن پور میں ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے 2 منصوبوں پر ایک ارب 14 کروڑ 12 لاکھ روپے ،آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 3 منصوبوں پر 4 ارب 47 کروڑ روپے خرچ کررہے ہیں،
ان منصوبوں کی تکمیل سے تقریبا 2 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ فائبر آپٹیکل کیبل سے منسلک ہوجائے گا جبکہ براڈ بینڈ سروسز منصوبوں پر 25 فیصد سے زائد کام ہوچکا ہے منصوبوں کی تکمیل سے 393 دیہاتوں اور گاؤں کی ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد کی آبادی کو تیز ترین براڈ بینڈ سروسز ملیں گی۔
اپنے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن کی کارکردگی کا سن کر مجھے خوشگوار حیرت ہوئی ہے جو وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کی تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہیں، وزیر خارجہ نے جنوبی پنجاب کیلئے اربوں روپے کے اہم ترین منصوبوں کے آغاز پر وفاقی وزیر سید امین الحق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ اور دنیا بھر میں پاکستان کی آئی ٹی مصنوعات کو شوکیس کرنے کیلئے ہر ممکن مدد اور معاونت فراہم کرے گی .
کیونکہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن ان شعبوں میں سرفہرست ہے جس کے ذریعے نوکریوں کے بے شمار مواقع اور ملک کی معیشت کو مضبوطی فراہم کی جاسکتی ہے۔قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری نے ملتان خانیوال منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملتان ڈویڑن میں ملتان اور خانیوال کیلئے 157 ملین روپے کی لاگت سے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز پراجیکٹ سے تقریبا 170 دیہاتوں اور گاؤں کے تقریبا 5 لاکھ افراد کو براڈ بینڈ کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔
اس منصوبے کو ایک سال کی قلیل ترین مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ جاز نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹیو عامر ابراہیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جاز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر ابراہیم نے کہاکہ،”جاز نے گزشتہ دو سال کے دوران دیہی اور نیم شہری علاقوں میں فور جی کو فروغ دینے کے لیے 462 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان وڑن کی تکمیل میں حکومت پاکستان کے ساتھ ہمارے تعاون اور ڈیجیٹل تفریق کو ختم کرنے کے مشن کے عین مطابق ہے۔